Aaj News

بدھ, دسمبر 18, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

مولانا فضل الرحمان کا آج ملک بھر میں یوم تشکر منانے کا اعلان

آج پورے ملک کے کونے کونے میں یوم تشکر منایا جائے گا، یوم تحفظ آئین پاکستان کو یوم تشکرمیں تبدیل کیا جا رہا ہے، یہ قوم کی فتح ہے، سربراہ پی ڈی ایم
شائع 08 اپريل 2022 10:17am

اسلام آباد: پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم )کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے آج ملک بھر میں یوم تشکر منانے کا اعلان کردیا۔

پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ آج پورے ملک کے کونے کونے میں یوم تشکر منایا جائے گا، یوم تحفظ آئین پاکستان کو یوم تشکرمیں تبدیل کیا جا رہا ہے، یہ قوم کی فتح ہے، عدلیہ نے قوم کی امیدوں پر پورا اترتے ہوئے بڑا اطمینان بخش فیصلہ دیا ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ پوری قوم کو مبارکباد دیتا ہوں، جمہوریت آئین اور عوام کی فتح ہے، عدلیہ قوم کی امیدوں پر پوری اتری ہے، آج یوم احتجاج نہیں یوم تشکر ہوگا، پاکستان کے استحکام کیلئے دعا کریں گے، اللہ پاک پاکستان کو معاشی اور دیگر مشکلات سے نکالے۔

دوسری جانب ترجمان جے یو آئی کے مطابق آج تحفظ آئین کے نام سے ہونے والے مظاہرے اب یوم تشکر کے نام سے ہوں گے، جمعیت علماء اسلام ضلع لاہور کے زیراہتمام جے یو آئی لاہور کا قافلہ اسلام آباد کیلئے روانہ ہوگیا ہے۔

ترجمان اسلم غوری کا کہنا ہے کہ قافلے کی قیادت مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل مولانا امجد خان، مولانا سلیم اللہ قادری کررہے ہیں، قافلہ شام تک ہکلہ موٹروے انٹرچینج پہنچے گا۔

اسلم غوری کا کہنا تھا کہ ملک بھر سے آنے والے قافلے ہکلہ سے مولانا فضل الرحمٰن کی قیادت میں اسلام آباد روانہ ہوں گے، جے یو آئی کارکنوں کو اس عظیم فتح پر مبارکباد پیش کرتے ہیں، اعلیٰ عدلیہ نے آئین کی روح کے مطابق فیصلہ دیا۔

ترجمان جے یو آئی اسلم غوری نے مزید کہا کہ آج ملک بھر میں کارکن شکرانے کے نوافل ادا کریں۔

PDM

اسلام آباد

JUIF

Molana Fazal ur Rehman