Aaj News

بدھ, دسمبر 18, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

عمران خان کو قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف بننے پر خوش آمدید کہوں گا، آصف زرداری

سپریم کورٹ کی جانب سے اسمبلیاں بحال کرنے اور وزیراعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد کو برقرار رکھنے کے فیصلے پر سابق صدر آصف زرداری کا ردعمل سامنے آگیا۔
شائع 08 اپريل 2022 10:10am

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین و سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ عمران خان کو قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف بننے پر خوش آمدید کہوں گا۔

سپریم کورٹ کی جانب سے اسمبلیاں بحال کرنے اور وزیراعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد کو برقرار رکھنے کے فیصلے پر سابق صدر آصف زرداری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ شہباز شریف کے وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد عمران خان قائد حزب اختلاف ہوں گے۔

آصف زرداری نےمزید کہا کہ عمران خان کو قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف بننے پر خوش آمدید کہوں گا، مجھے امید ہے کہ عمران خان قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کی حیثیت سے جمہوری کردار ادا کریں گے۔

قبل ازیں آصف زرداری نے سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے قوم آئین کی فتح پر مبارکباد دی تھی اور سابق صدر نے کارکنان کو ہدایت دی تھی کہ ہر شہر، گاؤں میں جشن منائیں اور خیرات کریں۔

آصف زرداری کا مزید کہنا تھا کہ آئین ہی مقدس ہے اور آئین ہی سپریم ہے، انشاءاللہ جمہوریت مضبوط اور مستحکم ہوگی۔

واضح رہے کہ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کی 3 اپریل کی رولنگ، صدر مملکت کی جانب سے قومی اسمبلی تحلیل کرنے کے معاملے پر سپریم کورٹ آف پاکستان نے از خود نوٹس کیس کا فیصلہ سنایا۔

سپریم کورٹ کے 5 رکنی بینچ نے متفقہ فیصلہ دیا کہ تحریک عدم اعتماد کو مسترد کرنے کی ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کی 3 اپریل کی رولنگ اور وزیراعظم کی ایڈوائس پر صدر کی جانب سے قومی اسمبلی کو تحلیل کرنا آئین سے متصادم تھا جس کے بعد سپریم کورٹ نے قومی اسمبلی بحال کردی۔

سپریم کورٹ نے فیصلے میں کہا کہ اسپیکر فوری طور پر قومی اسمبلی کا اجلاس بلائیں، قومی اسمبلی اجلاس ہرصورت 9 اپریل صبح 10:30 بجے سے پہلے بلایا جائے۔

Shehbaz Sharif

Supreme Court

اسلام آباد

imran khan

Opposition leader

PPP

Asif Zardari