Aaj News

اتوار, نومبر 17, 2024  
14 Jumada Al-Awwal 1446  

جلسوں کی اجازت ہے لیکن اگر کسی نے دھرنا دیا تو اسے کچل کر رکھ دوں گا، شیخ رشید

آج وزیراعظم عمران خان کا دن ہے، آج تاریخی جلسہ ہے، اپوزیشن کی نالائقی سے عمران خان مزید مقبول ہوگئے، وفاقی وزیر داخلہ
اپ ڈیٹ 27 مارچ 2022 08:14pm

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کاکہنا ہے کہ وزیر اعظم عدم اعتماد میں نہ بچے تو اللہ عزت دے گا، تمام جماعتوں کو اسلام آباد میں جلسے کی اجازت ہے لیکن اگر کسی نے دھرنا دیا تو اسے کچل کر رکھ دوں گا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشیدنے کہا کہ آج وزیراعظم عمران خان کا دن ہے، آج تاریخی جلسہ ہے، اپوزیشن کی نالائقی سے عمران خان مزید مقبول ہوگئے، ہم نے جے یو آئی کو جلسے کی اجازت دی، جے یو آئی سے خصوصی درخواست ہے کہ آپ کا جلسہ جہاں ہے وہیں کریں۔

شیخ رشید نے جے یو آئی کو مخاطب کیا کہ اگر آپ کا مقصد انتشار کرنا یا ہنگامہ آرائی کرنا ہے یا مقصد عمران خان کے کارکنوں کا راستہ روکنا ہے کہ تو ہم 24گھنٹے یہاں بیٹھے ہیں، ہم نے 28 مارچ کو ن لیگ کو بھی جلسے کی اجازت دی ہے، جے یو آئی والے اپنی مرضی سے بیٹھے ہیں انہیں بھی شوکاز نوٹس دے رہے ہیں، تمام جماعتوں کو جلسے کی اجازت ہے لیکن اگر کسی نے دھرنا دیا تو اسے کچل کر رکھ دوں گا۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ بلاول استعفی مانگ رہا ہے عمران خان سے اور فضل الرحمان بھی، گینگ آف تھری سے کہتا ہوں کہ انہیں کچھ نہیں ملنے والا عمران خان چھا جائے گا چاہے اسمبلی سے ہو یا عوام اور تم دیکھتے رہ جاؤ گے، عمران خان آخری بال تک کھیلیں گے، جو تم چاہ رہے ہو وہ نہیں ہونے والا اور اقتدار تمہاری جھولی میں نہیں آئے گا۔

وزیر داخلہ شیخ رشید نے مزیدکہا کہ یہ مافیاز ہیں شوگر مل والے، گھی والے اور اپٹما والے، چاہتا ہوں کہ عمران خان کی وجہ سے ایسا انقلاب آئے کہ چور اور مافیاز کا خاتمہ ہو، میں نے سندھ میں گورنر راج لگانے کی تجویز دی اور آج بھی حامی ہوں تاہم عمران خان راضی نہیں ہوئے، ہمیں ایک زبردست بجٹ پاس کرکے عوام میں جانا چاہیئے۔

شیخ رشید نے تسلیم کیا اور کہا کہ ہمارے دور میں مہنگائی تھی ہمارے دور میں غریب کو وہ سہولت نہیں ملی جو دینی چاہیے تھی اس کی وجہ یہ مافیاز اور چور تھے، ہمیں ایک اچھا بجٹ دینا چاہیئے۔

وفاقی وزیرداخلہ نے مزید کہا کہ نوازشریف کی آج تک کسی آرمی چیف سے نہیں بنی حالاں کہ وہ خود جی ایچ کیو کے گیٹ نمبر 4 کی پیدوار ہیں، بلاول سے پوچھیں کہ کون مال کھاتا تھا صدام کا؟ کون جاتا تھا کرنل قذافی کے پاس، اسامہ بن لادن سے مال کس نے لیا تھا؟۔

شیخ رشید نے کہا کہ بلاول بھٹو کوآخری وارننگ دیتا ہوں،بلاول بھٹوعمران خان کی فیملی تک نہ جائیں ،چوہدری برادران کےبزرگوں سےمیرےرابطےتھے،چوہدری شجاعت کی عزت کرتا ہوں.

اسلام آباد میں جلسوں سے متعلق وفاقی وزیرشیخ رشید کا کہنا تھا کہ اگر کسی نے قانون کو ہاتھ میں لیا تو نتیجہ اچھا نہیں ہوگا، شام میں عمران خان کا جلسہ ہے ہم نے مزید راستے بنائے ہیں، کوشش ہے کہ عدالتی فیصلوں کا احترام کیا جائے اور کوئی تصادم نہ ہو لیکن اگر تصادم ہوا تو کوئی نہیں بچے گا اور قانون حرکت میں آئے گا۔

وزیر داخلہ شیخ رشید نے مزیدکہا کہ فضل الرحمان گرتی ہوئی دیواروں کو دھکا دینا چاہتے ہیں ایسا نہ ہو کہ وہ خود گرجائیں، عمران خان اتنا مقبول ہوجائے گا، اگر عمران خان عدم اعتماد میں نہیں بچتا تو بھی اللہ عمران خان کو عزت دے گا، اسٹیبلشمنٹ پاکستان کے ساتھ ہے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ7 دن تک ہمارا کمانڈ اینڈ کنٹرول 24 گھنٹے کیلئے کھلا ہے اورکشمیر ہائی وے پر جے یو آئی کے کارکن آئے تو قانون کے مطابق عمل ہو گا تاہم آپ کا حق ہے آپ ریلی کریں لیکن آپ کا وقت ختم ہو چکا ہے اور پھڈا کرنے پر انتظامیہ حرکت میں آئے گی۔

وفاقی وزیر شیخ رشید نے مزیدکہا کہ مال سے لوگوں کے ضمیر خریدے جا رہے ہیں، عمران خان دن کے وقت 5 ساڑھے پانچ بجے خطاب کرنا چاہتے ہیں،سری نگر ہائی وے کو خاص طور پر کھلا رکھنے کے آرڈرز ہیں جبکہ ان کا معیار گر چکا ہے کیونکہ یہ قاتلوں کو بھی دبئی سے بلا رہے ہیں اور کہہ رہے ہیں حفاظتی ضمانت ہوئی ہے تاہم میں نے نہیں سنا کہ بندہ دبئی میں ہو اور 10 دن کی حفاظتی ضمانت ہو ۔

pm imran khan

Interior Minister

Sheikh Rasheed

اسلام آباد

no confidence motion