Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

قرار دادِ پاکستان کے 82 سال مکمل ہونے پر "یوم پاکستان" ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے

دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔
شائع 23 مارچ 2022 09:40am
ریڈیو پاکستان __ فوٹو
ریڈیو پاکستان __ فوٹو

قرار دادِ پاکستان کو لاہور کے اقبال پارک میں پیش کیے جانے کے 82 سال مکمل ہونے پر "یوم پاکستان" ملک بھر میں ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے۔

آج سے 82 سال قبل 23 مارچ 1940 کو آل انڈیا مسلم لیگ کے اجلاس میں یہ تاریخی قرارداد لاہور منظور کی گئی تھی، جس کے تحت برصغیر کے مسلمانوں نے اپنے لیے علیحدہ وطن حاصل کیا تھا۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔

جس کے بعد مساجد میں نماز فجر کے بعد ملکی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

"یوم پاکستان" کی اہم خصوصیت آج اسلام آباد میں عظیم الشان فوجی پریڈ ہوگی جس میں تینوں مسلح افواج اور دیگر سیکیورٹی فورسز کے دستے مارچ کریں گے جبکہ لڑاکا طیارے فضائی مشقیں پیش کریں گے۔

تقریب میں مختلف صوبوں کی ثقافت کے مختلف پہلوؤں کی عکاسی کرنے والے مختلف فلوٹس کا مارچ بھی پریڈ کا حصہ ہے۔

اسی اثنا میں اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کی کونسل کے 48ویں اجلاس میں شرکت کرنے والے معززین بھی بطور مہمان خصوصی یوم پاکستان پریڈ کا مشاہدہ کریں گے۔

یوم پاکستان کی تاریخی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے مختلف تنظیموں اور محکموں نے سیمینارز، کانفرنسز اور مباحثے کے پروگراموں سمیت متعدد سرگرمیوں کا منصوبہ بھی بنایا ہے۔

ریڈیو پاکستان اس دن کی اہمیت اور سرگرمیوں کو اجاگر کرنے کے لیے خصوصی پروگرام نشر کر رہا ہے۔

اسلام آباد

Pak army

Pakistan Day

OIC summit