Aaj News

اتوار, نومبر 17, 2024  
15 Jumada Al-Awwal 1446  

لاہور ٹیسٹ کا دوسرا روز: آسٹریلوی ٹیم پہلی اننگز میں 391رنز بنا کر آؤٹ

لاہور ٹیسٹ کے دوسرے روز آسٹریلوی ٹیم اپنی پہلی اننگزمیں...
شائع 22 مارچ 2022 03:04pm

لاہور ٹیسٹ کے دوسرے روز آسٹریلوی ٹیم اپنی پہلی اننگزمیں 391رنزبنا کرآؤٹ ہوگئی۔

لاہورکے قذافی اسٹیڈیم میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان جاری ٹیسٹ سیریز کے آخری ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں آسٹریلوی بیٹنگ لائن نسیم شاہ اور شاہین کی جارحانہ بولنگ کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 391رنزبنا کرآؤٹ ہوگئی۔

آسٹریلیا نےسیریز کے آخری ٹیسٹ کے دوسرے دن کے کھیل کا آغاز 232 رنز 5 وکٹوں کے نقصان پر کیا، کینگروز نے دوسرے روزاسکورمیں 159رنز کا اضافہ کیا۔

دوسرے دن کے کھیل کا پہلا سیشن مہمان بلے بازوں کے نام رہا جبکہ پاکستانی بولرز کوئی وکٹ حاصل نہ کرسکے۔

کینگروز نے پہلے سیشن میں ٹیم کو بغیر کسی نقصان 320 رنز تک پہنچایا، کیمرون گرین اور ایلکس کیری نے آج کے کھیل میں اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں۔

ایلکس کیری 67 رنز بناکر نعمان علی اور کیمرون گرین 79 رنز بناکر نسیم شاہ کا شکار بنے۔

اس کے علاوہ نروس نائنٹیز کا شکار ہونے والے عثمان خواجہ نے 91 اور اسٹیو اسمتھ نے 59 رنز کی اننگز کھیلی۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اورنسیم شاہ نے 4،4شکارکئے، ساجد خان اورنعمان علی کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

یاد رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان راولپنڈی اور کراچی میں کھیلے جانے والے دونوں ٹیسٹ میچز بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گئے تھے۔

lahore

3rd test match

PAK VS AUS