Aaj News

بدھ, دسمبر 18, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

اسلام آباد میں اسلامی تعاون تنظیم وزرائے خارجہ کونسل اجلاس جاری

او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے 48ویں اجلاس کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا جبکہ پاکستان کا قومی ترانہ بھی اجلاس سے قبل چلایاگیا۔
اپ ڈیٹ 22 مارچ 2022 01:33pm

اسلام آباد:پاکستان کی میزبانی میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی )وزرائےخارجہ کونسل کا48واں اجلاس اسلام آباد میں جاری ہے۔

تاریخ ساز لمحہ آگیا، اسلام آباد میں اوآئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے 48ویں اجلاس کا باقاعدہ آغاز ہوگیا، جس کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا جبکہ پاکستان کا قومی ترانہ بھی اجلاس سے قبل چلایاگیا۔

وزیراعظم عمران خان او آئی سی کونسل اجلاس کے افتتاحی سیشن میں شریک ہیں جس سے وہ خطاب کریں گے ۔

اجلاس میں 150 سے زائد قراردادیں منظور کئے جانے کا امکان ہے جو کشمیر، فلسطین، اسلام فوبیاسمیت مختلف مسائل اور معاملات سے متعلق ہیں۔

مسئلہ کشمیر کی خصوصی اہمیت کے پیش نظر او آئی سی رابطہ گروپ کا اجلاس ہو گا جس میں گزشتہ 7 دہائیوں سے مقبوضہ وادی میں جاری بھارتی مظالم کی مذمت کی جائے گی۔

اجلاس میں اسلامی سربراہی کانفرنس کے سیکرٹری جنرل، مصر، سعودی عرب اور چین کے وزرائے خارجہ سمیت کئی ممالک کے نائب وزرائے خارجہ اور عالمی اداروں کے سربراہان اور مندوبین شریک ہیں۔

اسلامی ترقیاتی بینک (آئی ڈی بی)کے صدر محمد سلیمان الجاسر، صومالیہ کے وزیر خارجہ عابدی سید موسیٰ علی، آذر بائیجان کے نائب وزیر خارجہ النورمحمدوف، مغربی افریقی ملک کوٹ ڈیو وا کی وزیر خارجہ کاندیا کمارا نی کامیسوکو، گیمبیا کے وزیرخارجہ ڈاکٹر میمدو تنگارا سمیت مختلف ممالک کے وفود بھی اجلاس میں موجود ہیں۔

کانفرنس میں شرکت کرنے والے معزز مہمانان گرامی کل یوم پاکستان کے موقع پر ہونے والی مسلح افواج کی پریڈ میں خصوصی شرکت کریں گے۔

کانفرنس کے اختتامی سیشن کے بعد وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، او آئی سی کے سیکرٹری جنرل حسین براہیم طحٰہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کریں گے۔

او آئی سی کیا ہے؟

اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی )اقوام متحدہ کے بعد دُنیا کی دوسری بڑی بین الاقوامی تنظیم ہے، دنیا بھر کے 57 مسلم ممالک تنظیم کے رکن ہیں۔

اسلامی تعاون تنظیم کی بنیاد 1969 میں ایک چارٹر کے ذریعے رکھی گئی اور اس تنظیم کا صدر مقام سعودی عرب کے شہر جدہ میں قائم ہے۔

او آئی سی اپنے رکن ممالک سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں کو درپیش مسائل حل کرنے کیلئے بین الاقوامی میکنزم بشمول اقوام متحدہ ، حکومتوں اور سول سوسائٹی کی تنظیموں کی شراکت دار ہے۔

اسلامی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے اب تک 47 اجلاس منعقد ہو چکے ہیں جبکہ پاکستان 1970، 1980، 1993 اور 2007 میں 4اجلاسوں کی میزبانی کر چکا ہے اور اب 5 ویں مرتبہ میزبانی کرنے جارہا ہے۔

او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اب تک 17 غیرمعمولی اجلاس ہو چکے ہیں،1994 میں پاکستان مقبوضہ کشمیر پر آو آئی سی کے رابطہ گروپ کی تشکیل میں کامیاب ہوا،پاکستان نے 1997 میں اسلامی تعاون تنظیم کے غیرمعمولی سربراہ اجلاس کی میزبانی کی۔

پاکستان نے او آئی سی میں اسلاموفوبیا اور اسلامی مقامات کے تحفظ پر مختلف قراردادیں بھی پیش کیں ۔

او آئی سی کے فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کیلئے ہر سال اجلاس ہوتا ہے، پاکستان ،سعودی عرب، ترکی،افغانستان ،ایران،انڈونیشیا ،ملائشیا،اردن،کویت ، لبنان ،لیبیا،الجزائر،چاڈ، مصر، یمن،سوڈان ،صومالیہ،فلسطین ،مراکش، نائیجیریا او آئی سی کے بنیادی ارکان میں شامل ہیں۔

pm imran khan

پاکستان

اسلام آباد