Aaj News

بدھ, دسمبر 18, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس: قومی اسمبلی کا ‏اجلاس 21 مارچ کو بلانے پر اتفاق

وزیراعظم نے منحرف ارکان کو راضی ‏کرنے کا ٹاسک وزیردفاع پرویزخٹک اور وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کودے دیا۔
اپ ڈیٹ 17 مارچ 2022 03:54pm

اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت سیاسی کمیٹی کے ہنگامی اجلاس میں قومی اسمبلی کا ‏اجلاس 21 مارچ کو بلانے پر اتفاق ہوگیا جبکہ وزیراعظم نے منحرف ارکان کو راضی ‏کرنے کا ٹاسک وزیردفاع پرویزخٹک اور وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کودے دیا، عمران خان نے کہا کہ ہارس ‏ٹریڈنگ کی کسی بھی صورت اجازت نہیں دی جائے گی، عوام ساتھ ہیں، عدم اعتماد ‏کوناکام بنائیں گے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت سیاسی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس ہوا،جس میں اسپیکراسد قیصر نے بھی خصوصی طورپرشرکت کی جبکہ اجلاس میں وفاقی وزیر شاہ محمود قریشی، پرویز خٹک، شیخ رشید، فواد چوہدری، شفقت محمود ،اٹارنی جنرل سمیت دیگر سینئر قیادت شریک ہوئی۔

اجلاس میں تحریک عدم اعتماد ،قانونی پچیدگیوں،قومی اسمبلی اجلاس کی تاریخ اورمنحرف ارکان سے متعلق امور پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔

اجلاس میں قومی اسمبلی کا اجلاس21 مارچ کو بلانے پراتفاق کیا گیا جبکہ شرکاء کو سندھ ہاوس کی اندرونی سرگرمیوں کے متعلق بریفنگ بھی دی گئی۔

اجلاس کےشرکاء نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ سندھ ہاؤس کو ہارس ٹریڈنگ کی آماجگاہ نہیں بننے دیں گے، تحریک عدم اعتماد سے متعلق تفصیلی رپورٹ پیش کی گئی۔

ذرائع کے مطابق متعلقہ اداروں کو قانونی کارروائی کے مختلف پہلووں کا جائزہ لینے کی ہدایت کی جبکہ ممکنہ طور پرلاپتہ اراکین کا تفصیل حاصل کرنے کی ہدایت بھی کی گئی، متعلقہ وفاقی ایجنسیوں کو سندھ ہاوس کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھنے کے ساتھ سی سی ٹی وی کمروں سے بھی مانٹریننگ کی جائے۔

اجلاس کے شرکاء نے پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بلانے کی تجویز دے دی تاکہ پی ٹی آئی ارکان کی حاضری کا پتہ چل سکےاور لاپتہ اراکین کا بھی پتہ چل جائے۔

وزیراعظم عمران خان نے منحرف ارکان کو راضی کرنے کا ٹاسک پرویز خٹک اور شاہ محمود قریشی کو دے دیا۔

ذرائع کے مطابق شرکاء نے ارکان کی حاضری کا پتا چلانے کیلئے پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بلانے کی تجویز دی، کچھ ارکان کے لاپتہ ہونے کے بارے میں پتا چلا ہے، اس طرح ان کے نام سامنے آ جائیں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ اتحادی ہمارے ساتھ ہیں، منحرف ارکان کو راضی کرلیں گے، اپوزیشن کو تحریک پر ناکامی سے دو چار ہونا پڑے گا۔

اجلاس کے شرکا نے وزیراعظم کو اتحادیوں سے ملاقاتوں کا مشورہ دیا تو وزیراعظم نے کہاکہ اتحادیوں سے ملاقاتیں کی ہیں اور مزید بھی ہوں گی۔

pm imran khan

اسلام آباد

meeting

National Assembly