Aaj News

پیر, نومبر 18, 2024  
15 Jumada Al-Awwal 1446  

الیکشن کمیشن: انتخابی جلسے میں شرکت کرنے پر وزیراعظم کو نوٹس جاری

اسلام آباد:الیکشن کمیشن نے وزیر اعظم عمران خان اور پی ٹی آئی کے...
شائع 12 مارچ 2022 03:01pm
Photo: FILE
Photo: FILE

اسلام آباد:الیکشن کمیشن نے وزیر اعظم عمران خان اور پی ٹی آئی کے دیگر عہدیداروں کو الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرتے ہوئے لوئر دیر میں انتخابی ریلی میں شرکت پر نوٹس جاری کیا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم کے علاوہ خیبرپختونخوا کے گورنر شاہ فرمان، وزیراعلیٰ محمود خان، وفاقی وزراء شاہ محمود قریشی، اسد عمر اور مراد سعید اور دیگر بھی ای سی پی کی جانب سے نوٹس وصول کرنے والوں میں شامل تھے۔

ای سی پی لوئر دیر کے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر (ڈی ایم او) نے پی ٹی آئی کے عہدیداروں کو ترمیم شدہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرتے ہوئے عوامی جلسے میں تقریر کرنے پر نوٹس جاری کیا۔

ڈی ایم او نے کہا کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ثابت کرنے کیلئے کافی شواہد موجود ہیں۔

مزید برآں لوئر دیر کی مختلف تحصیلوں کے سات انتخابی امیدواروں کو متعلقہ خلاف ورزی پر نوٹسز بھی جاری کیے گئے ہیں۔

الیکشنز ایکٹ 2017 کے سیکشن 234 (3) کے تحت اپنے اختیارات کے استعمال میں الیکشن کمیشن انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے جانے والے پر زیادہ سے زیادہ 50,000 روپے جرمانہ عائد کر سکتا ہے۔

کمیشن کو یہ اختیار بھی حاصل ہے کہ اگر کوئی امیدوار ایک سے زیادہ مرتبہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرتا پایا جاتا ہے تو وہ ایکٹ کے سیکشن 234(4) کے تحت اسے الیکشن لڑنے سے نااہل قرار دے سکتا ہے۔

ECP

imran khan

election commision

Election