Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

جمعیت علماء اسلام (ف) کے گرفتار تمام کارکنوں کو تھانہ آبپارہ سے رہا کردیا گیا

جے یو آئی (ف) کے تمام کارکنوں کوشخصی ضمانت اورضمانتی مچلکوں پررہا کیا گیا،جس کے بعدجے یو آئی (ف) کے تمام کارکنان اسلام آباد کے تھانہ آبپارہ سے روانہ ہو گئے ۔
شائع 11 مارچ 2022 09:23am

اسلام آباد: جمعیت علماء اسلام (ف )کے گرفتار تمام کارکنوں کوتھانہ آبپارہ سےرہا کردیا گیا، کارکنوں کوشخصی ضمانت اور ضمانتی مچلکوں پر رہا کیا گیا۔

اسلام آباد پولیس نے گزشتہ رات پارلیمنٹ لاجز سے حراست میں لئے گئے جے یوآئی(ف) کے گرفتار تمام کارکنوں کو رہا کردیا ۔

جے یو آئی (ف) کے تمام کارکنوں کوشخصی ضمانت اور ضمانتی مچلکوں پر رہا کیا گیا،جس کے بعد جے یو آئی (ف) کے تمام کارکنان اسلام آباد کے تھانہ آبپارہ سے روانہ ہو گئے ۔

پولیس کےذرائع کےمطابق کسی ایم این اے کوگرفتارنہیں کیا ،یہ احتجاجا خود بیٹھے تھے،ایم این اے جمال الدین اورصلاح الدین ایوبی خود رات بھر تھانے ہی بیٹھے رہے،ورکرز کے ساتھ ہی یہاں سے روانہ ہوئے

رہائی سے قبل جے یو آئی (ف) کے گرفتار کارکنان کو جیل وین میں تھانہ آبپارہ منتقل کیا گیا تھا۔

جے یو آئی (ف )کے ترجمان اسلم غوری نے بھی سوشل میڈیا پر تمام کارکنوں کی رہائی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم میں شامل تمام جماعتوں اور اپوزیشن جماعتوں کے قائدین و کارکنان کا شکریہ ادا کرتے ہیں،قیادت کی مشاورت کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

مولانا فضل الرحمان کی حکومت کو صبح 9بجے تک کارکنان کی رہائی کیلئے ڈیڈلائن

واضح رہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم )کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے حکومت کوآج صبح 9بجے تک کارکنان کی رہائی کیلئے ڈیڈلائن دی تھی۔

پارلیمنٹ لاجز سے واپسی پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ پورے ملک میں گلگت سے لیکرکراچی تک دھرنے جاری ہیں، ہم اپنا دباؤ میں جاری رکھنا چاہیں گے، پورا ملک جام ہے ،ٹریفک جام کی وجہ سے خواتین بچے اور بزرگ اذیت میں ہیں۔

فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ حکومت کو ڈیڈ لائن دیتے ہیں، اگر ہمارے کارکنان کو صبح 9بجے تک رہا نہ کیا گیا تو پھر سڑکوں پر آجائیں گے،آج ہم مکمل تیاری کے ساتھ آئیں گے ،صبح 9بجے تک رہائی نہ ہوئی سب کارکن دوبارہ سڑکوں پر آجائیں گے، آج زیادہ لوگ بہتری تیاری کے ساتھ سڑکوں پر آئیں گے،اگرمجھے گرفتار کیا گیا تو دما دم مست قلندر ہو گا۔

سربراہ پی ڈی ایم کامزید کہنا تھا کہ حقائق کے مطابق کوئی 70آدمی اندر داخل نہیں ہوئےصرف 10سے 12آدمی اندر گے تھے ، ہمارے ایم این ایز اور کارکنان کو بلاوجہ گرفتار کیا گیا،انصار اسلام کو وجہ بنا کر ہمارے کارکنان پر دہشت گردی کا الزام لگاتے ہو، الزام لگانےوالوں کوشرم آنی چاہیئے،یہ حکمران فتنہ گر ہیں۔

ادھر سرداراختر مینگل نے کہا کہ حکومت لاپتہ ہونے والی ہے، تمام جماعتوں کے کارکنان سڑکوں پر نکل آئے، عوام کی تکلیف کا احساس ہے، اس کو مدنظر رکھتے ہوئے صبح 9بجے تک کا انتظار کریں نہیں تو بھرپور تیاری کےساتھ نکلیں گے۔

اسلام آباد

JUIF

Workers

Molana Fazal ur Rehman