جامعہ کراچی کے سہ روزہ کتب میلے میں طلبہ کے ڈیرے
رپورٹ: فہد حامد
پاکستان کی دوسری بڑی جامعہ میں تین روزہ کتب میلے کا آغاز ہوتے ہی علم کی دنیا سے شغف حاصل کرنے والے طلبہ نے جمنا زیم ہال کا رخ کرلیا۔
طلبہ تنظیم کے زیرِ اہتمام تین روزہ کتب میلہ 8 تا 10مارچ تک جاری رہا جس میں جامعہ سمیت شہر کے مختلف تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات اور شہریوں نے بھرپور انداز میں شرکت کی۔
آج ٹی وی سے بات کرتے ہوئے وفاقی اُردو یونیورسٹی کے طالبعلم حزیفہ گابا کہتے ہیں کہ وہ کلاس چھوڑ کر اپنے دوستوں کے ہمراہ یہاں شریک ہوئے ہیں، تعلیمی اداروں میں ایسے ایونٹس کا منعقد ہونا ضروری ہے تاکہ طلبہ کا رجحان کتابوں کی جانب گامزن ہوسکے۔
شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن کے طالبعلم سفیان یاسین نے آج ٹی وی کو بتایا کہ اس میلے میں کسی بھی کتاب کی خریداری کرنے پر طالبِ علموں کو تقریباً 50 فیصد سے زائد رعایت فراہم کی جاتی ہے تاکہ وہ اپنی استطاعت کے مطابق پسندیدہ اور ضروری کتابیں خرید سکیں۔
دوسری جانب شعبہ بائیو کیمسٹری کی طالبہ سویرا نور نے کہا کہ طلبا کی وسیع تعداد کی آمد و ررفت کا سلسلہ جاری ہے جس سے ہال میں لوگوں کا اضافہ ہونے کی صورت میں مشکلات کا سامنا ہوتا ہے لہٰذا آرگنائزر کو مستقبل میں اسٹالز کی تعداد بڑھانے کے ساتھ میلے کی مختص جگہ میں اضافے کرنا چاہیئے۔
ایونٹ آرگنائزر کا کہنا تھا گزشتہ برس کے مقابلے میں اس سال بُک اسٹالز کی تعداد میں ممکنہ اضافہ کیا ہے جو اب 215 کے قریب ہیں جبکہ داخلہ گیٹ کے اطراف شہر کے نامور ریسٹورنٹس سے لیکر ذائقہ دار ٹھیلوں کے فوڈ اسٹالز بھی لگائے گئے ہیں۔
Comments are closed on this story.