Aaj News

بدھ, دسمبر 18, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

ہم عمران خان کے ہر اوچھے ہتھکنڈے کو ناکام بنا دیں گے، شہباز شریف

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم عمران...
اپ ڈیٹ 10 مارچ 2022 01:23pm

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم عمران خان کے ہر اوچھے ہتھکنڈے کو ناکام بنا دیں گے، عمران نیازی جیسی زبان استعمال کررہے ہیں، اس کو زبان پر نہیں لایا جاسکتا۔

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان خارجہ پالیسی اور نازک معاملات پر غیر محتاط بیانات دے کر ملک اور کشمیر کاز کو نقصان پہنچا رہا ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عمران خان سامنے آکر مقابلہ کرو، اوچھے ہتھکنڈے مت استعمال کرو، ہم تمہارے فسطائی ہتھکنڈوں کو نہ صرف جانتے ہیں بلکہ اس کا مقابلہ بھی کرتے رہے ہیں، ہم جیلوں میں بھی گئے ہیں اور اب بھی تمہارے ہر اوچھے اقدام کا مل کر مقابلہ کرینگے اور ناکام بنائیں گے۔

صدر ن لیگ نے کہا کہ میں عمران خان کے بیانات نہیں پڑھتا، “نہیں چھوڑوں گا ” اور “چور و ڈاکو” کی رٹ وہ شخص لگا رہا ہے جس کی عقل ماؤف ہو چکی ہے، عمران خان کو اپنا انجام نظر آ رہا ہے اور وہ خوفزدہ ہو چکا ہے، اس لئے دھمکیوں اور بازاری زبان پر اتر آیا ہے۔

اپوزیشن لیڈرشہباز شریف نے مزید کہا کہ عمران نیازی جس طرح کی زبان استعمال کررہے ہیں ان کو زبان پر نہیں لایا جاسکتا، عمران خان جہاں جارہے ہیں گندگی کے ڈھیر چھوڑ کرجارہے ہیں انہیں کون صاف کرے گا،عمران خان سستی اور گھٹیا سیاست کررہے ہیں۔

قوم کے کان چور ، ڈاکو اور لٹیرے سن سن کرپک گئے ہیں ،حمزہ شہباز

دوسری مسلم لیگ (ن) کے رہنماء حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ قوم کے کان چور ، ڈاکو اور لٹیرے سن سن کرپک گئے ہیں ،عمران خان نے جو کرنا ہے کرے ، عدم اعتماد کامیاب ہو گی۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتےہوئے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے کہا کہ پاکستانی معیشت آج آئی سی یو میں ہے،جن کے ساتھ مضبوط معاشی تعلقات ہیں ان ممالک کو عمران خان للکار رہے ہیں، عمران خان سیکیورٹی کیلئے خدشہ ہیں، ہم انتقام نہیں، عوام سے کئے گئے وعدوں کا حساب لیں گے، اس طرح تو مزاحیہ اداکار ایکٹنگ نہیں کرتے جس طرح عمران نیازی کر رہے ہیں۔

حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ عمران خان نے جو کرنا ہے کرے ، عدم اعتماد کامیاب ہو گی ،عدم اعتماد کی تحریک کامیاب ہو گی اور وزیراعظم گھر جائیں گے، عمران خان جب بولتے ہیں قوم کا نقصان کرتے ہیں ، مجمع میں یورپی یونین پر تنقید کرنا کون سی خارجہ پالیسی ہے، وزیرخارجہ کو کہنا پڑا بات عوام میں نہیں کرنی چاہیئے تھی ۔

اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ آج قوم عمران نیازی کے بھاشن سن رہی ہے ، قوم کے کان چور ، ڈاکو اور لٹیرے سن سن کرپک گئے ہیں، عمران نیازی نے تقاریر میں اخلاقی اقدار کی دھجیاں اڑائیں ۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ عمران نیازی سیکیورٹی معاملات پر غیر ذمہ دارانہ گفتگو کرتا ہے ، جلسوں میں عوام نے دیکھ لیا کون حواس باختہ ہے ۔

رہنماء ن لیگ حمزہ شہباز نے مزیدکہا کہ کیا عمران خان نے بھاشنوں میں مہنگائی اور غربت کا حل دیا ؟ عمران خان کو پارلیمنٹ میں اور باہر بھی جواب دیں گے ۔

pm imran khan

Shehbaz Sharif

lahore