Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

فیصل واوڈا کی خالی سینیٹ نشست پر سندھ اسمبلی میں ووٹنگ جاری

کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے نااہل ہونے والے سینیٹر فیصل واوڈا...
شائع 09 مارچ 2022 12:16pm

کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے نااہل ہونے والے سینیٹر فیصل واوڈا کی خالی ہونے والی نشست پر سندھ اسمبلی میں ووٹنگ کا عمل جاری ہے، صوبائی الیکشن کمشنر ریٹرننگ افسر کے فرائض انجام دے رہے ہیں جبکہ تحریک انصاف اور ایم کیو ایم نے ووٹنگ کے عمل کا بائیکاٹ کر رکھا ہے۔

سندھ اسمبلی میں سینیٹ الیکشن کیلئے 9 بج کر 25 منٹ پر ووٹنگ کے عمل کا آغاز ہوا جو شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔

وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے پہلا ووٹ کاسٹ کیا جبکہ دیگر اراکین اسمبلی اپنا ووٹ کاسٹ کرنےکیلئے اسمبلی پہنچ رہے ہیں۔

الیکشن کیلئے سندھ اسمبلی کے ہال کو پولنگ اسٹیشن بنایا گیا ہے جبکہ صوبائی الیکشن کمشنر ریٹرننگ افسر کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

سندھ سے سینیٹ نشست کیلئے پیپلز پارٹی کے نثار کھوڑو اور پی ٹی آئی کے آغا ارسلان مد مقابل ہیں تاہم تحریک انصاف اور مرکز میں حکومت کی اتحادی جماعت ایم کیو ایم نے ووٹنگ کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔

پیلزکپارٹی کی رکن شرمیلا فاروقی نے کہا کہ انہیں پتا تھا کہ یہ ہار جائیں گے جب ہی بائیکاٹ کیا۔

سندھ اسمبلی ارکان کی کل تعداد 168 ہے جس میں سے 99 اراکین پیپلز پارٹی کے ہیں جبکہ پی ٹی آئی کے اراکین کی تعداد 30 اور ایم کیو ایم کے 21 اراکین ہیں۔

اس کے علاوہ جی ڈی اے کے 14، تحریک لبیک پاکستان کے 3 اور جماعت اسلامی کا ایک رکن ہے جبکہ سینیٹ الیکشن میں کامیابی کیلئے امیدوار کو 85 ووٹ کی ضرورت ہوگی۔

یاد رہے الیکشن کمیشن نے دہری شہریت چھپانے پر تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل واوڈا کو نااہل قرار دیا تھا اور ان کی خالی نشست پر دوبارہ انتخابات کرانے کا اعلان کیا تھا۔

karachi

Senate election

Faisal Wada

Polling