Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کی ریلیوں کوسیکیورٹی فراہم کریں گے، شیخ رشید

نور مقدم کیس کے حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا پولیس نےنورمقدم کیس کومنطقی انجام تک پہنچایا
شائع 25 فروری 2022 07:30pm
فائل فوٹو
فائل فوٹو

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے سندھ میں پاکستان تحریک انصاف جبکہ وفاقی دارالحکومت کی طرف پاکستان پیپلزپارٹی کی جماعتوں کی ریلیوں کو سیکیورٹی فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

پی پی پی کی جانب سے کراچی سے اسلام آباد وفاقی حکومت کے خلاف مارچ کیا جارہا ہے جبکہ حکمران جماعت پی ٹی آئی سندھ حکومت کی کارکردگی کے خلاف اندرون سندھ سے کراچی کی طرف مارچ کر رہی ہے۔

لاہورمیں وزیرداخلہ شیخ رشید نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے نور مقدم قتل کیس کا بھی حوالے دیا اور کہا کہ پولیس نےنورمقدم کیس کومنطقی انجام تک پہنچایا ہے۔ گزشتہ روز اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز عدالت نے کیس کے مرکزی ملزم کو سزائے موت سنائی تھی ۔

پریس کانفرنس میں انہوں نے متنازعہ حالات میں وزیراعظم کے دورہ روس کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کوتکلیف ہوئی جبکہ پاکستان کی امن کی کوشش کودنیا نےسراہاہے۔ روس اور یوکرین کے درمیان کشیدہ حالات میں وزیراعظم عمران خان کے دورہ روس کے دوران ہی ماسکو نے یوکرین پر حملہ کردیا جس کے بعد اس دورے کے متعلق غلط افواہیں گردش کرنے لگیں۔

اپوزیشن جماعتوں کی وزیر اعظم کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کے لئے تگ ودو پر وزیر داخلہ کا کہنا تھا "آپ کہتے تھے ووٹ کو عزت دو لیکن آج آپ ووٹ کو ذلت کےگڑھے میں پھینک کررہے ہیں۔" انہوں نے یہ بھی کہا کہ تحریک عدم اعتماد کیلئےخریدوفروخت کابازارگرم ہے جبکہ تحریک کی ناکامی کےبعدعمران خان مزیدمضبوط ہونگے۔

اس حوالے سے ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ سارے "مفاد پرست" اکٹھے ہو رہے ہیں لیکن وزیر داخلہ نے تحریک عدم اعتماد کو ناکام قرار دیا اور کہا کہ اس کے بعد عمران خان اپوزیشن کے زیادہ چیلنج ثابت ہوں گے۔ "اپوزیشن نے نام لے کر اداروں کو گالیاں دیں اور بکنے والے کسی کو شکل دکھانے کے قابل نہیں رہیں گے۔"

وزیر اعظم کے آئندہ لائحہ عمل پر بات کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ کس وقت کیا قدم اٹھاناہے، عمران خان کوسب پتاہے، "عمران خان کےسیاسی ڈرون سے اپوزیشن لیڈرز نیست ونابودہوجائیں گے۔" ان کے مطابق اس تحریک سے حکومت مخالف لیڈرز شاہراہ دستورپر اپنی سیاسی قبرکھودنے جارہے ہیں۔

اپوزیشن پر مزید تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں بھی تحریکوں کاکوئی نتیجہ نہیں نکلا، اپوزیشن کوچاہئےکہ الیکشن کی تیاری کرے۔ "ان کی تحریک عدم اعتماد ڈھیلی ڈھالی ہے۔"

PTI governemt

PDM

pm imrankhan

oppositon