Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

لاہور قلندرز کو 28 رنز سے شکست، ملتان سلطانز پی ایس ایل 7 کے فائنل میں

لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 7 کے پلے آف مرحلے کے پہلے...
شائع 24 فروری 2022 12:08am

لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 7 کے پلے آف مرحلے کے پہلے میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو 28 رنز سے شکست دے کر ایونٹ کے فائنل میں جگہ بنالی۔

لاہورکے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں 2وکٹوں کے نقصان پر 163 رنز بنائے، جواب میں لاہور کی ٹیم 9 وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز بناسکی۔

ملتان کی جانب سے رائیلی روسو نے 65 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی،کپتان محمد رضوان بھی 53 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے، ان کے علاوہ عامر عظمت نے 33 اور شان مسعود نے 2 رنز بنائے۔

لاہور قلندرز کی جانب سے محمد حفیظ اور سمت پٹیل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

قلندرز کی جانب سے فخر زمان کے علاوہ کوئی بھی بیٹر خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھاسکا،فخر زمان نے 63 رنز کی اننگز کھیلی۔

اس کے علاوہ کامران غلام نے 20 ، ہیری بروک نے 13 اور سمت پٹیل نے 11 رنز بنائے، ڈیوڈ ویسا 8 اور عبداللہ شفیق 5 رنز بناسکے،کپتان شاہین شاہ آفریدی اور فل سالٹ نے ایک ایک رن بنایا جبکہ محمد حفیظ صفر پر آؤٹ ہوئے۔

ملتان سلطانز کی جانب سے شاہنواز دہانی نے 3 اور ڈیوڈ ویلی نے 2کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ملتان سلطانز میں کپتان محمد رضوان، شان مسعود، رومان رئیس، عامر عظمت، رائیلی روسو، جانسن چارلس، خوشدل شاہ، ڈیوڈ ویلی، آصف آفریدی، عمران طاہر اور شاہ نواز دہانی شامل تھے۔

لاہور قلندرز میں کپتان شاہین آفریدی،فخرزمان، عبداللہ شفیق،کامران غلام،محمد حفیظ، ہیری بروک،سمت پٹیل،فل سالٹ، ڈیوڈ ویسا، حارث رؤف اور زمان خان شامل تھے۔

خیال رہےکہ فائنل میں رسائی کے لیے قلندرز کے پاس ایک اور موقع ہے،کل اسلام آباد اور پشاور کے درمیان ہونے والے ایلیمنیٹر میچ کی فاتح ٹیم کو قلندرز سے کوالیفائر کھیلنا ہوگا جس کے بعد فائنل کی دوسری ٹیم کا فیصلہ ہوگا۔

lahore

play off

MS VS LQ

PSL 7