سندھ یونیورسٹی: طالبہ کو ہراساں کرنے پر ایف آئی آر درج
دادو: سندھ یونیورسٹی کی شعبہ سوشیالوجی کی طالبہ الماس بہن کو ہراساں کرنے پر ایف آئی آر درج کرلی گئی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق طالبہ کو ہراساں کرنے کے واقعے کی ایف آئی آر ایس ایس پی جاوید بلوچ کے حکم پر جامشورو تھانے میں درج کر لی گئی۔
جامعہ سندھ جامشورو کے شعبہ سوشیالوجی کی طالبہ الماس بہن نے 3 فروری کو کیمپس میں خواتین کے تحفظ کے سیل میں شکایت درج کروائی تھی۔
طالبہ کا کہنا تھا کہ موٹر سائیکل پر سوار 2 نوجوان اور کار سوار 6 دیگر افراد نے اسے اس وقت ہراساں کیا جب وہ اپنے ہاسٹل کے کمرے کی طرف جا رہی تھی۔
طالبہ نے بتایا کہ موٹر سائیکل سواروں نے اس کا راستہ روکا اور اس کا پہنا ہوا ماسک چھین لیا۔
انہوں نے اسے اغوا کرنے کی کوشش کی لیکن جب اس نے شور مچایا تو انہوں نے اسے مارا پیٹا اور بھاگ گئے۔
طالبہ الماس بہن نے اپنی کلاسوں میں جانا چھوڑ دیا اور سجاول میں اپنے گھر واپس آگئی.
دوسری جانب کافی دنوں سے الماس اور اس کے اہل خانہ اس واقعہ کی ایف آئی آر درج کرانے کی کوششیں کر رہے تھے۔
واقعہ کے 19 دن بعد ایس ایس پی بلوچ نے مداخلت کے بعد اے ایس آئی شفیع محمد شاہ کی شکایت پر پی پی سی کی دفعہ 341 اور 509 کے تحت ایف آئی آر (43/22) نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کی گئی۔
Comments are closed on this story.