Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

خیبرپختونخوا کے 13 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کیلئے پولنگ جاری

پشاور، نوشہرہ، خیبر، مہمند، مردان، کوہاٹ، کرک اور ڈی آئ خان سمیت 13 اضلاع کے 568 پولنگ اسٹیشنز میں ووٹ ڈالےجا رہے ہیں، پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔
شائع 13 فروری 2022 10:00am

پشاور: خیبرپختونخوا کے13 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کیلئے پولنگ کا عمل جاری ہے، جوشام 5 بجے تک جاری رہے گا جبکہ کسی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

صوبائی الیکشن کمیشن کے مطابق، پشاور، نوشہرہ،خیبر، مہمند، مردان، کوہاٹ، کرک اور ڈی آئ خان سمیت 13 اضلاع کے 568 پولنگ اسٹیشنز میں ووٹ ڈالےجا رہے ہیں، پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔

ضلع بنوں میں بکاخیل کے پولنگ اسٹیشنز پرپولنگ صبح ساڑھے 9 سے شام ساڑھے 5 بجے تک ہوگی۔

الیکشن کمیشن کے مطابق، خیبر پختونخوا کے13اضلاع کے مختلف پولنگ اسٹیشنز میں آج دوبارہ پولنگ ہورہی ہے۔

ری پولنگ میں مجموعی طور پر7 لاکھ 10 ہزار 472 ووٹرزحق رائے دہی کا استعمال کریں گے جن میں 3لاکھ 62 ہزار924 مرد اور 3 لاکھ 47 ہزار 548 خواتین ووٹرز ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق سٹی کونسل کیلئے پشاورمیں 3 نیبرہوڈ کونسل میں مجموعی طور پر 12 ہزار 913 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

نیبرہوڈ کونسل 22 قادر آباد کے 5 پولنگ اسٹیشن پردوبارہ پولنگ ہوگی، یہاں ووٹرزکی کل تعداد 9 ہزار 322 ہے جس میں 4864 مرد اور4458 خواتین ووٹرزہیں۔

این سی آفریدی گڑھی کے مردانہ پولنگ اسٹیشن پرری پولنگ ہوگی اس پولنگ اسٹیشن پر ووٹرز کی کل تعداد ایک ہزار 970 ہے جبکہ این سی خیبرزنانہ پولنگ اسٹیشن میں بھی دوبارہ پولنگ ہوگی جہاں ایک ہزار 621 خواتین ووٹرزاپنا حق رائے دہی کا استعمال کریں گی۔

اس کے علاوہ ڈیرہ اسماعیل خان میں سٹی میئر کی نشست کا انتخاب مرکز نگاہ ہے، جہاں تحریک انصاف کے عمر امین گنڈاپور، پیپلز پارٹی کے فیصل کریم کنڈی اور جمعیت علماء اسلام کے کفیل نظامی کے درمیان کڑا مقابلہ متوقع ہے۔

ڈی آئی خان میں 3 لاکھ 35ہزار718ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گےجبکہ یہاں 181992مرد اور 153726خواتین ووٹرز شامل ہیں۔

واضح رہے کہ بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں پولنگ اسٹیشنز پر توڑ پھوڑ، ہنگامہ آرائی اور امیدواروں کی وفات کے باعث پولنگ روک دی گئی تھی۔

KPK

peshawar

Polling