Aaj News

بدھ, دسمبر 18, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

سینیٹ کی نشست کا حلف اٹھانے کیلئے اسحاق ڈار نے چیئرمین سینیٹ کو خط لکھ دیا

اسحاق ڈار کی جانب سے چیئرمین سینیٹ کو لکھے گئے خط کی کاپی الیکشن کمیشن کو بھی بھجوا دی گئی۔
شائع 10 فروری 2022 12:11pm

اسلام آباد،لندن :مسلم لیگ (ن)کے رہنما ءاور سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے سینیٹ کی نشست کاحلف اٹھانے کیلئے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرابی کو خط لکھ دیا۔

اسحاق ڈار کی جانب سے چیئرمین سینیٹ کو لکھے گئے خط کی کاپی الیکشن کمیشن کو بھی بھجوا دی گئی۔

اسحاق ڈار نے صادق سنجرانی کو لکھے خط میں کہا کہ 3 مارچ 2018 کو سینیٹ نشست پر میرا انتخاب چیلنج کرنے کا قانونی تنازع حل ہو چکا، سپریم کورٹ نے 21 دسمبر 2021 کو سول اپیل مسترد کر دی، اپیل مسترد ہونے کے بعد عدالت عظمیٰ کا 8 مئی 2018 کا ممبرشپ کی معطلی کا حکم نامہ ختم ہو گیا۔

خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے 10 جنوری 2022 کا میری سینیٹ نشست پر کامیابی کی معطلی کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا ، قانونی رکاوٹیں دور ہونے کے بعد بطور منتخب سینیٹر حلف اٹھانے کیلئے تیار ہوں تاہم برطانیہ میں زیر علاج ہونے کے سبب فی الحال ذاتی طور پر آنے سے قاصر ہوں لہذا بطور سینیٹر ویڈیو لنک کے ذریعے حلف لیا جائے۔

اسحاق ڈار نے لکھاکہ بذریعہ ویڈیو لنک حلف کا طریقہ سپریم کورٹ میں پہلے ہی زیر استعمال ہے، ممکن نہ ہو تو چیئرمین سینیٹ آئین کے آرٹیکل 255 کے تحت برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر یا کسی مجاز شخص کے ذریعے حلف لینے کا انتظام کریں۔

سابق وزیر خزانہ نے اس ضمن میں چیئرمین سینیٹ کو خط میں آئین کے آرٹیکل 255 کی ذیلی شق 2 کا حوالہ بھی شامل کیا ہے جس کے مطابق چیئرمین سینیٹ کسی شخص کو منتخب رکن سے حلف لینے کیلئے مقرر کر سکتے ہیں۔

اسحاق ڈار نے خط کے ہمراہ لندن میں اپنے معالج کی تازہ ترین میڈیکل رپورٹ بھی ارسال کی ہے۔

رہنما مسلم لیگ ن نے اپنا خط اور میڈیکل رپورٹ چیئرمین سینیٹ اور الیکشن کمیشن کو ای میل کے ذریعے بھیج دی ہیں۔

london

Ishaq Dar

اسلام آباد

chairman senate

Sadiq Sanjrani

Letter