Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات کادوسرا مرحلہ مؤخر کرنے کا پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل

اسلام آباد:سپریم کورٹ نے خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات کا ...
شائع 09 فروری 2022 11:22am

اسلام آباد:سپریم کورٹ نے خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ مؤخر کرنے کا پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کردیا۔

سپریم کورٹ میں خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات دوسرے مرحلے میں کرانے کے پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی،اس سلسلے میں الیکشن کمیشن کے وکیل اور دیگر حکام عدالت میں پیش ہو ئے۔

الیکشن کمیشن کے وکیل نے اپنے دلائل میں کہا کہ پشاور ہائیکورٹ ایبٹ آباد بینچ نے الیکشن کمیشن کو سنے بغیر بلدیاتی انتخابات کا شیڈول مؤخر کر دیا، یکم فروری کی سماعت کا نوٹس 2 فروری کو موصول ہوا اور الیکشن کمیشن کو نوٹس ملنے تک پشاورہائیکورٹ بلدیاتی انتخابات مؤخر کرچکی تھی۔

اس موقع پر وکیل شکایت کنندگان کا کہنا تھا کہ موسمی حالات کے پیش نظر 27 مارچ کو انتخابات نہیں ہو سکتے۔

جسٹس عائشہ ملک نے کہا کہ اس بات کی تصدیق نہیں ہوئی کہ کے پی میں موسمی حالات الیکشن میں رکاوٹ ڈال سکتے ہیں لہٰذا ہائیکورٹ کو فیصلے سے پہلے الیکشن کمیشن کا مؤقف سننا چاہیئے تھا۔

جسٹس اعجازالاحسن کا کہنا تھا کہ محکمہ موسمیات کی رپورٹ کو الیکشن کمیشن نے دیکھنا تھا عدالت نے نہیں، ہائیکورٹ کو فیصلہ دینے کی اتنی جلدی کیا تھی؟

بعد ازاں عدالت نے صوبے میں بلدیاتی انتخابات مؤخر کرنے کا پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کردیئے۔

بعدازاں سپریم کورٹ میں کیس کی سماعت 14 فروری تک ملتوی کر دی گئی ہے ۔

Supreme Court

اسلام آباد

Justice Ijaz ul Ahsan

kpk local bodies election

Justice Ayesha Malik