Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

علی امین گنڈا پور کیخلاف انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے کیس کا فیصلہ محفوظ

اسلام آباد:الیکشن کمیشن نے وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور کیخلاف...
شائع 04 فروری 2022 12:52pm

اسلام آباد:الیکشن کمیشن نے وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور کیخلاف انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا جو آج ہی سنایا جائے گا۔

الیکشن کمیشن میں چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور کیخلاف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے کیس کی سماعت ہوئی۔

علی امین کے وکیل نے کہا کہ انکوائری باضابطہ نہیں کی گئی، تحقیقات نہیں ہے اور شکایت بھی موجود نہیں ہے ، اس پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آپ یہ کہنا چاہتے ہیں کہ آپ کے کلائنٹ نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی نہیں کی ؟

علی امین کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ سیاسی کارکن خوشی غمی میں جاتے ہیں ، لوگوں سے ملاقات ہوتی ہے ، لوگ اپنے کام کہتے ہیں، اس پر چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ سیاسی کارکن سے وفاقی وزیر بننے تک آپ کی ذمہ داری بڑھتی ہے، ضابطہ اخلاق تمام سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے بنتا ہے، صرف الیکشن کمیشن نے نہیں بنایا ۔

علی امین کے وکیل نے کہا کہ الیکشن کمیشن کارروائی ختم کرے، یقین دہانی کراتا ہوں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی نہیں ہوگی۔

علی امین گنڈا پور نے کہا کہ لکھ کر دیتا ہوں کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی نہیں کروں گا، مجھے ضلع بدر نہ کیا جائے۔

بعد ازاں الیکشن کمیشن نے علی امین گنڈا پور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا جو آج ہی سنایا جائے گا۔

ECP

اسلام آباد

Ali Ameen gandapur