Aaj News

منگل, دسمبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Akhirah 1446  

ملک کافائدہ اسی میں ہےکہ اسٹیبلشمنٹ اور عمران خان ایک ہی صفحے پر ہوں، شیخ رشید

اسلام آباد:وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ وزیراعظم ...
اپ ڈیٹ 27 جنوری 2022 03:10pm

اسلام آباد:وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور فوجی قیادت میں کوئی اختلاف نہیں اور ملک کا فائدہ اسی میں ہے کہ اسٹیبلشمنٹ اور عمران خان ایک ہی صفحے پر ہوں۔

برطانوی نشریاتی ادارے (بی بی سی) کو دئیے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہاکہ ملک کا فائدہ اسی میں ہے کہ اسٹیبلشمنٹ اور عمران خان ایک صفحے پر ہوں، وزیراعظم عمران خان اور فوجی قیادت میں کوئی اختلاف نہیں اور فوجی قیادت کا فیصلہ ہے کہ وہ منتخب حکومت کے ساتھ کھڑی رہے گی، حکومت اور اسٹیبلشمنٹ کی سوچ میں فرق ہو سکتا ہے مگر ایسا نہیں کہ وہ ایک صفحے پر نہ ہوں۔

شیخ رشیدنےکہا کہ اپوزیشن چاہتی ہے کہ عمران خان اورفوجی قیادت کے تعلقات خراب ہوں لیکن نہ اسٹیبلشمنٹ بھولی ہے اور نہ ہی عمران خان بھولا ہے۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ حکومت کی جانب سے نظر آتا ہے کہ عدالتوں میں مقدمات لے جاتے وقت شاید درست تیاری نہیں کی گئی، چوروں، ڈاکووں، کرپٹ اور بددیانت لوگوں کو قانون کو گرفت میں لانے کیلئے عمران خان کو ووٹ ملے، احتساب عمران خان کا سب سے بڑا نعرہ تھا مگر ہمیں وہ کامیابی نہیں ملی جو ملنی چاہیئے تھی۔

برطانیہ کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے کے حوالے سے وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ برطانیہ میں مقیم ملزمان اور مجرموں کو واپس لانے کیلئے معاہدے کی کوشش کی جا رہی ہے، حکومت کی کوشش ہے کہ نواز شریف واپس آ جائیں، نواز شریف کو ہم نے خود بھیجا یہ ہماری ہی غلطی ہے۔

وزیرداخلہ شیخ رشید نے مزیدکہا کہ ساڑھے 3 سال سے نوازشریف کوواپس لانے کی کوشش کررہے ہیں، انہیں بھیجنا ہماری غلطی تھی، نوازشریف سب کی آنکھوں میں دھول جھونک کرباہرجانے میں کامیاب ہوگئے،حکومت کی کوشش ہے کہ ان افراد کوواپس لایا جائے جوپاکستان میں عدالتوں اورحکومت کو مطلوب ہیں تاہم متعدد کوششوں کے باجود اسحاق ڈار کی واپسی کوممکن نہیں بنایا جاسکا۔

سابق مشیر برائے احتساب کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہناتھا کہ شہزاد اکبر کے استعفے اور وزیراعظم کی ان سے ناراضگی کی وجہ نواز شریف کو واپس نہ لانے سمیت پیسے بھی واپس نہ لانا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں وزیرداخلہ نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردوں کخلانف لڑنے اور معلومات اکٹھی کرنے کا نظام کافی بہتر ہے، 2 ماہ تک ملک میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافے کا خدشہ ہے لیکن دہشت گردی کی اس تازہ لہر پر قابو پالیا جائے گا۔

کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے ساتھ سیز فائر ختم ہونے کے حوالے سے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ٹی ٹی پی ان قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کر رہی تھی جو پاکستان میں سزا کاٹ رہے ہیں، ایسے خطرناک قیدیوں کی رہائی ممکن نہیں اس لیے ٹی ٹی پی کے مطالبات نہیں مانے جا سکتے تھے۔

وفاقی وزیرشیخ رشید کا مزیدکہنا تھا کہ ہم نے ٹی ٹی پی کو ہتھیار ڈال کر قومی دھارے میں شامل ہونےکی پیشکش کی لیکن تحریک طالبان پاکستان نے فائر بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی۔

pm imran khan

Interior Minister

Sheikh Rasheed

اسلام آباد

Establishment