Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

کرپشن انڈیکس 2021 میں پاکستان 140 ویں نمبر پر آگیا

ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کرپشن پرسیپشن...
شائع 25 جنوری 2022 06:32pm

ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کرپشن پرسیپشن انڈیکس 2021 میں 180 ممالک میں سے 140 ویں نمبر پر آگیا ہے۔

ملک 2020 میں عالمی بدعنوانی کی فہرست میں 124 ویں نمبر پر تھا۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان کا سکور جو پہلے 31 تھا، اس سال انڈیکس میں تین پوائنٹس کی کمی سے 28 پر آ گیا۔

دنیا نیوز کے مطابق نواز شریف نے ایک بیان میں کہا کہ عمران نیازی کے دور میں کرپشن تیزی سے بڑھ رہی ہے اور دنیا اب کہہ رہی ہے کہ وہ چور ہے۔

سی پی آئی نے دنیا بھر کے 180 ممالک اور خطوں کو ان کے عوامی شعبے کی بدعنوانی کی سطح کے مطابق درجہ بندی کیا ہے۔

عالمی سطح پر رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ دنیا بھر میں بدعنوانی کی سطح رکی ہوئی ہے۔

اس سال ممکنہ 100 پوائنٹس میں سے صرف 43 پر، مسلسل دسویں سال عالمی اوسط میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔

متعدد وعدوں کے باوجود 131 ممالک نے گزشتہ دہائی میں بدعنوانی کے خلاف کوئی قابل ذکر پیش رفت نہیں کی۔

کرپشن انڈیکس میں سرفہرست ممالک میں ڈنمارک، فن لینڈ اور نیوزی لینڈ 88 پوائنٹس کے ساتھ شامل ہیں، سب سے نیچے والوں میں 11 پوائنٹس کے ساتھ جنوبی سوڈان، شام اور صومالیہ 13 پوائنٹس کے ساتھ شامل ہیں۔

ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل ایک عالمی تحریک ہے جو 100 سے زیادہ ممالک میں کام کر رہی ہے، نگران ادارے کا مقصد کرپشن کی ناانصافی کا خاتمہ ہے۔

ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے اپنے بیان میں کہا کہ "ہم لوگوں کی زندگیوں پر سب سے زیادہ اثر ڈالنے والے مسائل پر توجہ مرکوز کرتے ہیں اور طاقتوروں کو عام بھلائی کے لیے ذمہ دار ٹھہراتے ہیں۔"

پاکستان

Transparency International