Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

صوبہ سندھ میں 12 لاکھ بچوں کی نگہداشت کرنے والوں کو موبائل بیلنس فراہم کیا جائے گا

کراچی: (رپورٹ : کامران شیخ) صوبہ سندھ میں نوزائیدہ بچوں سے لیکر 23...
شائع 25 جنوری 2022 01:44pm

کراچی: (رپورٹ : کامران شیخ)

صوبہ سندھ میں نوزائیدہ بچوں سے لیکر 23 ماہ کی عمر کے تقریباً 12 لاکھ بچوں کی نگہداشت کرنے والوں کو ڈائریکٹوریٹ آف ہیلتھ اور میٹرنل نیو بورن اینڈ چائلڈ ہیلتھ کے تعاون سے موبائل بیلنس فراہم کیا جائیگا۔ ای پی آئی سندھ اور آئی آر ڈی پاکستان نے صوبہ سندھ میں امیونائزیشن کی کم شرح والے اضلاع کے لیے ''چھوٹی خوشی'' امیونائزیشن انسنٹیو سپورٹ پروگرام کا افتتاح کردیا۔

افتتاحی تقریب کراچی کی خالد جمیل ڈسپنسری میں ہوئی، مشترکہ پروگرام کا مقصد سندھ کے امیونائزیشن کے کم شرح والے اضلاع جن میں کراچی مشرقی، وسطی اور مغربی، جبکہ حیدرآباد، سجاول، قمبر اور جیکب آباد میں نوزائیدہ سے لے کر 23 ماہ کی عمر کے بچوں کی دیکھ بھال کرنے والوں کو1200 روپے تک کا موبائل بیلنس فراہم کرنا ہے۔

ا ن اضلاع میں پینٹا ویلنٹ-3 اور خسرہ-1 کی شرح سب سے کم ہے آئی آر ڈی پاکستان نے ای پی آئی سندھ اور ای پی آئی وفاق کے اشتراک اور سندھ حکومت کے ہیلتھ ڈائریکٹوریٹ اورمیٹرنل نیو بورن اینڈ چائلڈ ہیلتھ (ایم این سی ایچ) پروگرام کے تعاون سے شروع کیا ہے۔

چھوٹی خوشی پروگرام کے تحت امیونائزیشن کی کم شرح والے سات اضلاع میں ایک سال کی مدت کے دوران نوزائیدہ بچوں سے لے کر 23 ماہ کے عمر کے تقریباً1.2 ملین بچوں کی نگہداشت کرنے والوں کے لیے موبائل بیلنس فراہم کیا جائے گا ۔

ایمونائزیشن کیلئے ہر دورے کی تکمیل پر بچوں کی نگہداشت کرنے والوں کو کسی بھی رجسٹرڈ پری پیڈ موبائل نمبر پر 200 روپے دیئے جائیں گے ، یعنی چھ دوروں کی تکمیل پر 1200 روپے دئیے جائیں گے کئیر گیورزمنتخب کردہ اضلاع میں تمام سرکاری اور نجی حفاظتی ٹیکوں کے مراکز پر یہ سہولت حاصل کر سکتے ہیں۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کہا کہ '' امیو نائزیشن کے لیے انسنٹیودینا ایک بہتراور شواہد پر مبنی حکمت عملی ہے جس سے بچوں کیلئے حفاظتی ٹیکوں کے معمول کو مکمل کرنے کی شرح کو بڑھایا جاسکتا ہے ، یہ بہترین سرمایہ کاری ہے جو ہم اپنی آنے والی نسلوں کے لیے کر سکتے ہیں۔“

چھوٹی خوشی امیونائزیشن انسنٹیو سپورٹ پروگرام ان شواہد پر مبنی ہے جو آئی آر ڈی پاکستان نے امیونائزیشن کی کم شرح والے اضلاع میں موبائل بیلنس کی موثریت کو جانچنے کیلئے2017میں کراچی، پاکستان میں 11,200 بچوں کے ساتھ ایک رینڈمائزڈ کنٹرول ٹرائل کے ذریعے کئے ۔

اس ٹرائل سے بچوں کی دیکھ بھال کرنے والوں کے لئے صحت سے متعلق ان سینٹو دینے کی ضرورت واضح ہوئی اور ایک نظام تشکیل دیا گیا جس سے بچوں کی نگہداشت کرنیو الوں کو ان سنٹیو دے کر ٹیکوں کا معمول مکمل کرنے کی شرح کو بڑھایا جاسکے۔

پروگرام کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے آئی آر ڈی میٹرنل اینڈ چائلڈ ہیلتھ پروگرام کے پروگرام ڈائریکٹر سبھاش چندیر نے کہا کہ والدین بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگوانے کا فیصلہ کرنے میں اہم کردار اداکرتے ہیں۔

چھوٹی خوشی امیونائزیشن انسینٹو سپورٹ پروگرام ہماری طویل تحقیق پر مبنی ہے جو اس بات کو اجاگر کرتی ہے کہ قلیل رقم کی مشروط منتقلی ٹرانسپورٹ کے اخراجات میں مددگارثابت ہوتی ہیں۔

چھوٹی خوشی امیونائزیشن انسینٹیو سپورٹ پروگرام کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ کوئی بچہ ایمونائزیشن سے پیچھے نہ رہے اور صحت مند اور مضبوط مستقبل کے لیے بیماریوں سے محفوظ رہے۔

Sindh Health Department

Sindh government