Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

پی ایس ایل 7: کس ٹیم میں کون کونسے کھلاڑی شامل اور ٹکٹوں کا حصول کیسے ممکن؟

کراچی ،لاہور:پاکستان سپر لیگ دیکھتے ہی دیکھتے اپنے ساتویں سال...
شائع 16 جنوری 2022 10:17am

کراچی ،لاہور:پاکستان سپر لیگ دیکھتے ہی دیکھتے اپنے ساتویں سال میں داخل ہوچکی ہے، جب 2016 میں اس کا پہلی بار انعقاد کیا گیا تھا تو بہت کم لوگ ایسے تھے جو اس کے باقاعدگی سے ہر سال منعقد ہونے پر یقین رکھتے تھے۔

پی ایس ایل نے اپنے سفر کے دوران کئی نشیب و فراز دیکھے ہیں لیکن ان تمام مشکلات پر قابو پاتے ہوئے یہ لیگ پاکستانی شائقین کے لیے تفریح کا ایک اہم ذریعہ بن چکی ہے۔

اس مرتبہ پی ایس ایل کے میچوں کیلئے 2شہروں کراچی اور لاہور کا انتخاب کیا گیا ہے، گزشتہ سال بھی لیگ کے میچز کراچی اور لاہور میں رکھے گئے تھے لیکن کراچی میں چودہ میچوں کے انعقاد کے بعد کووڈ کی صورتحال نے لیگ کو ملتوی کر دینے پر مجبور کردیا تھا اور پھر بقیہ میچوں کو ابوظہبی میں منعقد کرنا پڑے تھے۔

پاکستان سپر لیگ 7 کا آغاز 27 جنوری کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز اور کراچی کنگز کے میچ سے ہوگا۔

کراچی مجموعی طور پر کھیلے جانے والے 34 میں سے 15 میچوں کی میزبانی کرے گا جس کے بعد دس فروری سے یہ میلہ قذافی سٹیڈیم لاہور میں سجے گا، لاہور میں 19 میچز کھیلے جائیں گے۔

پہلا پلے آف 23 فروری کو ہوگا جبکہ 24 فروری کو پہلا ایلیمنیٹر کھیلا جائے گا اور 25 فروری کو دوسرا ایلیمنٹر ہوگا، فائنل 27 فروری کو کھیلا جائے گا۔

کس ٹیم میں کون کون شامل؟

پاکستان سپر لیگ میں حصہ لینے والی تمام 6 ٹیموں نے اپنے اسکواڈ کو ڈرافٹ کے ذریعے حتمی شکل دے دی ہے تاہم اس مرتبہ بڑے نام دکھائی نہیں دے رہے ہیں اس کی ایک بڑی وجہ انٹرنیشنل کرکٹ کا مصروف سیزن ہے۔

ملتان سلطانز

ملتان سلطانز پاکستان سپر لیگ کی دفاعی چیمپئن ٹیم ہے جس نے گزشتہ سال فائنل میں پشاور زلمی کو 47 رنز سے ہرا کر پہلی بار ٹائٹل جیتا تھا، اس مرتبہ بھی ٹیم کی قیادت وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کریں گے۔

ملتان سلطانز کی انتظامیہ نے رضوان کے علاوہ جنوبی افریقاکے عمران طاہر اور رائلے روسو، خوشدل شاہ، صہیب مقصود، شان مسعود اور شاہنواز دھانی کو برقرار رکھا ہے۔

اس نے اس بارآسٹریلوی بیٹسمین ٹم ڈیوڈ اور ویسٹ انڈیز کے اوڈین سمتھ اور راومین پاول کو بھی حاصل کیا ہے۔

لاہور قلندرز

لاہور قلندر کی قیادت اس مرتبہ شاہین شاہ آفریدی کے سپرد کی گئی ہے، اس ٹیم میں افغانستان کے لیگ سپنر راشد خان، جنوبی افریقہ کے ڈیوڈ ویزا اور پاکستان کے محمد حفیظ، فخر زمان اور حارث رؤف نمایاں ہیں۔

ان کے علاوہ انگلینڈ کے ہیری بروک بھی سکواڈ کا حصہ بنے ہیں، فل سالٹ کی چند میچوں میں عدم دستیابی کی وجہ سے بین ڈنک بھی لاہور قلندرز کے اسکواڈ میں شامل کےح گئے ہیں۔

اسلام آباد یونائیٹڈ

2بار کی فاتح اسلام آباد یونائیٹڈنے نیوزی لینڈ کے کولن منرو پر اپنا اعتماد برقرار رکھا ہے جبکہ اسکواڈ کی قیادت شاداب خان کریں گے اور الیکس ہیلز، آصف علی، حسن علی، محمد وسیم جونیئر اور پال اسٹرلنگ کی موجودگی میں یہ ٹیم متوازن نظر آتی ہے۔

اعظم خان کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے اسلام آباد یونائٹڈ میں آئے ہیں البتہ افتخار احمد حیران کن طور پر اسلام آباد یونائٹڈ چھوڑ کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں چلے گئے ہیں۔

پشاور زلمی

وہاب ریاض کی قیادت میں پشاورزلمی کی ٹیم کو جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرنے والے افغانستان کے حضرت اللہ ززئی کی خدمات حاصل ہیں۔

ان کے علاوہ تجربہ کار شعیب ملک، نوجوان ٹیلنٹ حیدر علی، انگلینڈ کے لائم لونگ اسٹون، ویسٹ انڈین شرفین ردرفرڈ، کامران اکمل اور عثمان قادر بھی ٹیم میں شامل ہیں۔

کامران اکمل نے سلور کیٹگری میں تنزلی کے بعد کھیلنے سے انکار کردیا تھا لیکن بعد میں وہ کھیلنے پر راضی ہوگئے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز

2019 کی فاتح کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کپتانی اس بار بھی وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد کے پاس ہے، کوئٹہ نے انگلینڈ کے ورلڈ کپ وننگ اوپنر جیسن روئے کو حاصل کیا ہے۔

آسٹریلوی فاسٹ بولر جیمز فاکنر اور عمراکمل کا نام بھی اس بار کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں شامل ہے، شاہد آفریدی بھی اس سال کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا حصہ بنے ہیں اور ان کی خواہش ہے کہ وہ جیت کے ساتھ پاکستان سپر لیگ کو الوداع کہیں۔

شاہد آفریدی پاکستان سپر لیگ میں کراچی کنگز، پشاور زلمی اور ملتان سلطانز کی طرف سے کھیل چکے ہیں۔

کراچی کنگز

کراچی کنگز نے کپتان تبدیل کرتے ہوئے عماد وسیم سے یہ ذمہ داری پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم کے سپرد کردی ہے۔

اس کے علاوہ انگلینڈ کے کرس جارڈن، لوئس گریگوری اور ٹام ایبل کو بھی حاصل کیا ہے۔ شرجیل خان، محمد عامر اور محمد نبی پہلے ہی اس ٹیم کا حصہ ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق 14کرکٹرز ایسے ہیں جو پی ایس ایل کے ابتدائی چند میچوں میں اپنی انٹرنیشنل کرکٹ کی مصروفیات کے سبب موجود نہیں ہوں گے لہٰذا ان کی جگہ فرنچائز ٹیموں نے متبادل کھلاڑیوں کو بھی حاصل کیا ہے مثلاً جیسن روئے کی نہ ہونے کی صورت میں ویسٹ انڈیز کے شمرون ہیٹمائر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کریں گے،اسی طرح ملتان سلطانز نے سپلمنٹری راؤنڈ میں انگلینڈ کے آل راؤنڈر ڈیوڈ ولی کا انتخاب کیا ہے۔

آن لائن ٹکٹوں کی فروخت شروع

پاکستان سپر لیگ 7کی ٹکٹوں کی آن لائن فروخت شروع ہوچکی ہے، پہلے مرحلے میں کراچی میں کھیلے جانے والے میچوں کے ٹکٹوں کی فروخت کی جا رہی ہے۔

افتتاحی میچ کیلئے جنرل سٹینڈ کے ٹکٹ کی قیمت پانچ سو روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ اس میچ کے فرسٹ کلاس انکلوژر کے ٹکٹ کی قیمت 1500روپے، پریمیئم انکلوژر کی ٹکٹ کی قیمت 2000روپے اور وی آئی پی انکلوژر کے ٹکٹ کی قیمت ڈھائی ہزار روپے رکھی گئی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق فائنل میچ کیلئے جنرل اسٹینڈ کا ٹکٹ 1500روپے کا رکھا گیا ہے جبکہ وی آئی پی انکلوژر کا ٹکٹ 4000روپے کا ہوگا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس بار یہ پیشکش بھی کی ہے کہ اگر شائقین 17جنوری تک فرسٹ کلاس اور جنرل انکلوژر کی ٹکٹ بک کرائیں گے تو انہیں رعایت بھی دی جائے گی تاہم اس رعایت میں پلے آف اور فائنل میچ شامل نہیں ہیں۔

ٹکٹ خریدنے کیلئے کووڈ ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ کی شرط لازمی رکھی گئی ہے، کوئی بھی شخص ایک شناختی کارڈ پر زیادہ سے زیادہ چھ ٹکٹیں خرید سکتا ہے۔

این سی او سی کے فیصلے کے مطابق بارہ سال سے زائد عمر کے تمام افراد کیلئے اسٹیڈیم میں داخلے کیلئے کووڈ کا ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ دکھانا لازمی ہوگا۔

karachi

lahore

PSL 7