Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

بیرون ملک سے پاکستان آنے والے مسافروں کیلئے پابندیوں میں نرمی

اسلام آباد:نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی )نے بیرون...
شائع 13 جنوری 2022 02:14pm

اسلام آباد:نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی )نے بیرون ملک سے پاکستان آنے والے مسافروں کیلئے کورونا پابندیوں میں نرمی کردی۔

این سی او سی نے کیٹیگری بی اور سی ممالک سے آنے والوں پرسفری پابندیوں میں نرمی کی ہے اور اب کسی بھی ملک سے ویکسین شدہ ،غیر ملکی اور پاکستانی وطن آسکتے ہیں۔

این سی او سی نے کیٹیگری بی اور سی کو ختم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جس کے بعد نئی ٹریول پالیسی پر عمل درآمد شروع کر دیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پاکستان آنے والے تمام مسافروں کیلئے ویکسی نیشن لازمی قرار دی گئی ہے اور بورڈنگ سے 48 گھنٹے پہلےمنفی پی سی آر ٹیسٹ کی رپورٹ دکھانا لازمی ہوگا جبکہ یورپی ممالک سے آنے والے مسافروں کا 100 فیصد ریپڈ ٹیسٹ کیا جائے گا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق سعودی عرب ،امارات اور قطر کی کم از کم 50 فیصد فلائٹس کے مسافروں کا ریپڈ ٹیسٹ ہوگا جس میں کورونا مثبت آنے والے مسافر 10 دن قرنطینہ کریں گے جبکہ ایسے مسافروں کا پھر آٹھویں دن پی سی آر ٹیسٹ کیا جائے گا۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہےکہ ویزہ مدت ختم ہونے، غیرقانونی مقیم پاکستانی اور ڈی پورٹ پاکستانیوں کو ویکسین سے استثنیٰ حاصل ہوگا، اس کے علاوہ میڈیکل وجوہات،حاملہ خواتین اور 18 سے 15 سال عمر کے پاکستانیوں کو بھی لازمی ویکسین پالیسی سے استثنیٰ حاصل ہوگا، 18 سے 15 سال کے پاکستانی مسافروں کو 15 فروری تک بغیر ویکسین پاکستان آنے کی اجازت ہوگی۔

NCOC

coronavirus

پاکستان

اسلام آباد