Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

مری میں پاک فوج کا ریسکیو آپریشن، تمام اہم شاہراہوں کو ٹریفک کیلئے کلیئر کردیا گیا

راولپنڈی :مری میں پاک فوج کا ریسکیوآپریشن جاری ہے،شدید برفباری...
شائع 09 جنوری 2022 11:48am

راولپنڈی :مری میں پاک فوج کا ریسکیوآپریشن جاری ہے،شدید برفباری سے متاثرہ سیاحتی مقام مری کی تمام اہم شاہراہوں کو ٹریفک کیلئے کلیئر کر دیا گیا، جھیکاگلی ،ایکسپریس وے، گھڑیال اوربھوربن کی سڑکیں بحال کردی گئیں جبکہ کلڈنہ سےباڑیاں تک بحالی کا کام مسلسل جاری ہے ۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق مری میں پاک فوج کا ریسکیو آپریشن جاری ہے، مختلف مقامات پرامدادی اور رہائشی کمپس فعال ہیں، ایک ہزار سے زائد پھنسے افراد کوکھانا فراہم کیا گیاہے۔

آئی ایس پی آرکےمطابق جھیکاگلی، کشمیری بازار،لوئرٹوپہ اورکلڈنہ میں ایک ہزار سے زائد افراد کو کھانا فراہم کیا گیا ہے ، ملٹری کالج مری، سپلائی ڈپو، اے پی ایس اورآرمی لاجسٹک اسکول میں پناہ اورخوراک فراہم کی جارہی ہے،اب تک 300 افراد بشمول بچوں کوآرمی ڈاکٹرزوپیرامیڈکس نےطبی امداد فراہم کی گئی۔

مری کے متاثر علاقوں میں ریسکیوو ریلیف آرپریشن جاری ہے،جھیکاگلی سےایکسپریس وے اورجھیکاگلی سے کلڈنہ تک کا راستہ کھل دیا گیاہے ۔

گھڑیال سے بھوربن کی سڑک سے بھی برف ہٹا دی گئی ہے ،سڑکوں پر پھسلن کے باعث احتیاط برتی جارہی ہے جبکہ کلڈنہ سےباڑیاں کے درمیان راستے کھولنے کیلئے انجینئرزاورکلیئرنس مشینری مسلسل کام جاری رکھے ہوئے ہے۔

مری کی تمام اہم شاہراہوں کو ٹریفک کیلئے کلیئر کر دیا گیا

شدید برفباری سے متاثرہ سیاحتی مقام مری کی تمام اہم شاہراہوں کو ٹریفک کیلئے کلیئر کر دیا گیا ہے، رات گئے پولیس اورانتظامیہ نے 600سے 700پھنسی گاڑیوں کو برف سے نکالا۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق شدید برفباری کی وجہ سے مری کی بڑی شاہراہوں پر 20 سے 25 بڑے درخت گرے،جس سے راستے بلاک ہوگئے تھے۔

مری سے رات گئے 600 سے 700 گاڑیوں کو نکالا گیا اور سیاحوں کو محفوظ مقامات پرپہنچا،24 گھنٹوں کے دوران 500 سے زائد فیملیز کو ریسکیو کرکے محفوظ مقام پرپہنچایا گیا۔

جھیکا گلی سے لوئر ٹوپہ ایکسپریس ہائی وے اور جھیکا گلی سے لارنس کالج روڈ کو ٹریفک کیلئے کلیئرکر دیا گیا ہے۔

گلڈنہ سے آر ایم کے روڈ کو بھی رات گئے کلیئر کردیا گیا تھا تاہم اسلام آباد،راولپنڈی اور خیبرپختونخوا سے مری جانے والی ٹریفک کا داخلہ آج بھی بند رہے گا، اضافی نفری اور بھاری مشینری کو ہنگامی بنیادوں پر مری پہنچایا گیا ہے۔

کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مری کے تمام سرکاری اور نجی اسپتالوں میں بھی عملہ الرٹ ہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارآج مری جائیں گے،عثمان بزدار برفباری سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے۔

سانحہ مری میں جاں بحق 22افراد کی میتیں آبائی علاقوں میں پہنچا دی گئیں

سانحہ مری میں جاں بحق 22افراد کی میتیں آبائی علاقوں میں پہنچا دی گئیں،جاں بحق افراد کی نماز جنازہ آج مختلف علاقوں میں ادا کی جائے گی۔

سانحہ مری پر پورا ملک سوگوار ہے وہی سیاحتی مقام مری میں پیش آنے والے المناک سانحے میں لقمہ اجل بننے والوں کی میتیں ان کے آبائی علاقوں میں پہنچادی گئی ہیں۔

اسلام آباد پولیس کے اے ایس آئی نوید اقبال سمیت خاندان کے 8افراد کی میتیں گزشتہ روز اسلام آباد منتقل کی گئیں تھیں ،جن میں نوید اقبال ، 3بیٹیاں ، ایک بیٹا،بہن ،بھانجھی اوربھتیجے شامل ہیں۔

اے ایس آئی نویداقبال سمیت خاندان کے 8 افراد کی نماز جنازہ آج ڈھائی بجے تلہ گنگ کے موضع دودیال میں ادا کی جائےگی۔

مری سانحےمیں راولپنڈی کے ایک ہی گھرکے6 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے،جن میں محمد شہزاد ،اہلیہ سائمہ شہزاد ،2بیٹےاور2بیٹیاں شامل ہیں ، ان کی نمازجنازہ دوپہر2بجے راول پارک میں ادا کی جائے گی۔

سانحہ مری میں برفباری کے دوران جاں بحق ہونےوالےلاہور اور کامونکی کے 3دوستوں کی میتیں ان کے گھر پہنچا دی گئیں۔

کامونکی سے تعلق رکھنے والے اشفاق اور لاہور کے رہائشی ظفراقبال اورمعروف اشرف کی میتیں علیٰ الصبح ان کے گھر پہنچائی گئی،میتیں پہنچے ہی گھرمیں کہرام برپا ہوگیا۔

المناک سانحے پرعلاقے کی فضا سوگواراورہرآنکھ اشکبارہے، ظفر اقبال اور معروف اشرف کی نمازجنازہ لاہورمیں جبکہ اشفاق کی کامونکی میں بعد نماز ظہر ادا کی جائے گی۔

ظفراقبال اورمعروف جمعرات کی رات کامونکی کے دوست اشفاق کے ساتھ سیرو تفریح کیلئےمری گئےتھے۔

اہلخانہ کے مطابق تینوں دوست لاہورکی ایک ہی کمپنی میں ملازم تھے، ظفراقبال 4جبکہ اشفاق 2بچوں کا باپ تھا۔

مری میں جاں بحق 4دوستوں کی نماز جنازہ مرادن میں ادا کی جائےگی، سہیل خان، بلال حسین،اسد اورمحمد بلال کی میتیں رات گئے آبائی علاقوں کو پہنچائی گئی تھیں۔

خاندانی ذرائع کے مطابق سہیل خان کی نمازجنازہ صبح 11 بجے میاں عیسیٰ میں ادا کی جائےگی۔

اس کے علاوہ محمد بلال کی نمازجنازہ دوپہر 2 بجے چرچوڑ میں ادا کی جائےگی جبکہ اسد اوربلال حسین کی نمازجنازہ3 بجےتازہ گرام میں ادا کی جائےگی۔

سانحہ مری کے سوگ میں آزاد کشمیرمیں سیاحتی سرگرمیاں معطل

سانحہ مری کے سوگ میں آزاد کشمیرمیں سیاحتی سرگرمیاں معطل کردی گئی ہیں جبکہ برفباری سے متاثرہ علاقوں میں سیاحوں کو جانے سے روک دیا گیا ۔

وادی نیلم میں جاری دوروزہ نیلم سنوفیسٹیول ملتوی کردیا گیا جبکہ کیرن کے مقام پر سانحہ مری میں جاں بحق ہونے والوں کیلئے دعا کی گئی۔

فیسٹیول کے شرکاء ،م علاقہ مکینوں اورسیاحوں نے جاں بحق سیاحوں کے بلند درجات کیلئے فاتحہ خوانی کی جبکہ ایک منٹ کی خاموش اختیارکرنے کے علاوہ شمعیں بھی روشن کی گئیں ۔

محکمہ سیاحت نے آزادکشمیر کے شدید برفباری والے علاقوں میں سیاحوں کو جانے سے روک دیا ۔

آزاد کشمیرپولیس بھی مری گلیات میں جاری ریسکیوآپریشن میں حصہ لے رہی ہے، آزاد کشمیر پولیس اور سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی ٹیمیں امدادی سرگرمیوں کا حصہ ہیں ۔

ISPR

Pak army

releif operation

Murree Incident