مری میں پھنسے سیاحوں کو نکالنے کیلئے سول آرمڈ فورسز کی مدد لے رہے ہیں، شیخ رشید
اسلام آباد:وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہاہے کہ مری میں پھنسے سیاحوں کونکالنے کیلئے سول آرمڈ فورسز کی مدد لے رہے ہیں ،کل شام تک حالات قابو میں آجائیں گے، مری کے لوگ سیاحوں کی مدد کریں۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے اپنے ویڈیوپیغام میں کہاکہ مری میں سول آرمڈ فورسزکوطلب کرلیا گیا ہے ،شدید ٹھنڈ اور برفباری کے باوجود مری میں بڑی تعداد میں سیاح موجود ہیں ،گزشتہ روز سے ہی راولپنڈی اور اسلام آباد کی انتظامیہ، پولیس اور دیگر ادارے ٹریفک بحال کرنے کی کوشش میں لگے رہے لیکن عوام کی اتنی بڑی تعداد ہے کہ پچھلے 12 گھنٹوں میں راستہ کھولنے میں کامیاب نہ ہو سکے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ مری جانے والے تمام راستے بند کر دیئے ہیں اور مری جانے والے تمام سیاحوں سے معذرت کرتے ہیں کہ کل رات 9 بجے تک اس طرح نہ آئیں۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ مری میں پھنسے سیاحوں کو نکالنے کیلئے سول آرمڈ فورسز کی مدد طلب کر رہے ہیں۔
وزیرداخلہ شیخ رشید نے مری کی مقامی آبادی سے سیاحوں کی مشکلات میں مدد کرنے کی بھی اپیل کی اورکہا کہ سخت سردی میں گاڑیوں میں پھنسے لوگوں کو کمبل اور دیگر ضروری اشیا فراہم کریں، امید ہے کہ آج رات تک راستے کلیئر کروالیں گے۔
شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ حکومت پنجاب، اسلام آباد کی انتظامیہ اور میں خود معاملے کو مانیٹر کر رہا ہوں اور حکومت کو اس معاملے پر آگاہ بھی کر رہا ہوں۔
Comments are closed on this story.