Aaj News

پیر, نومبر 04, 2024  
02 Jumada Al-Awwal 1446  

پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس: ن لیگ اور پی پی کے اکاؤنٹس کی رپورٹ 10روز میں طلب

اسلام آباد:الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)ممنوعہ...
شائع 04 جنوری 2022 02:38pm

اسلام آباد:الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) ممنوعہ فنڈنگ کیس میں اسکروٹنی کمیٹی سے مسلم لیگ (ن) اورپیپلزپارٹی کے اکاؤنٹس کی رپورٹ 10 روز میں طلب کرلی۔

چیف الیکشن کمشنرسکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 3رکنی کمیشن نے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس سماعت کی۔

دوران سماعت الیکشن کمیشن نے کہاکہ فرخ حبیب مسلم لیگ ن اورپیپلزپارٹی سے متعلق علیحدہ درخواست جمع کراسکتے ہیں۔

وزیرمملکت اطلاعات فرخ حبیب نے دونوں جماعتوں کے اکاؤنٹس کی اسکروٹنی مکمل کرنے کی استدعا کی جس پرچیف الیکشن کمشنر نےاسکروٹنی کمیٹی کوہدایت کی کہ 10 روزمیں مسلم لیگ ن اورپیپلزپارٹی کےاکاونٹس پرپیشرفت رپورٹ جمع کرائی جائے۔

تحریک انصاف کےوکیل کا کہنا تھا کہ یہ رپورٹ صرف فریقین کیلئے ہے،رپورٹ فریقین کودے دی جائے،ہم اپنےکمنٹ دے دیں،اس رپورٹ کواس وقت تک پبلک نہ کیا جائے،دیگر جماعتوں کے اکاؤنٹس کی اسکروٹنی کا عمل مکمل ہو جانے دیں۔

چیف الیکشن کمشنرنےکہا کہ سب رپورٹس کو کیسےاکٹھا کرسکتے ہیں،رپورٹ کی کاپیاں تمام فریقین کو فراہم کریں۔

اکبرایس بابر کے وکیل کا کہنا تھا کہ ہر کیس میں سب چیزیں پبلک ہوتی ہیں،جوابدہ کے کہنے پر اسکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ کو خفیہ رکھا گیا،الیکشن کمیشن آرڈر کر دے کہ فریقین اسکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ کو پبلک نہ کردیں۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ الیکشن کمیشن میں اتفاق ہے کہ رپورٹ کو پبلک کرنے کی ممانعت کرنے کی پوزیشن میں نہیں۔

بعدازاں الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کی سماعت 15روز کیلئے ملتوی کر دی۔

ECP

اسلام آباد

PPP

PTI funding case

Scrutiny committee

cheif election commisioner

Sikander Sultan Raja