پاکستانی نژاد خاتون کو فرانسیسی اعزاز سے نوازا گیا
لندن: پاکستانی نژاد خاتون کو فرانسیسی معاشرے کیلئے تعلیم اور سماجی بہبود کے شعبوں میں خدمات پر فرانس کا باوقار نیشنل آرڈر آف میرٹ مل گیا۔
فرانسیسی حکومت نے اسماء اشرف کو نیشنل آرڈر آف میرٹ دیا ہے جو لیجن آف آنر کے بعد دوسرا نیشنل آرڈر ہے۔
یہ ایوارڈ ان لوگوں کو دیا جاتا ہے جنہوں نے کم از کم 10 سال تک سرکاری، سول یا ملٹری فنکشن یا پرائیویٹ سرگرمیوں میں امتیازی خوبیاں حاصل کی ہوں۔
نجی چینل سے بات کرتے ہوئے اسماء اشرف نے کہا کہ وہ یہ تمغہ حاصل کرنے پر فخر محسوس کر رہی ہیں جو کہ ان کی محنت کا اعتراف ہے۔
اسماء کا کہنا ہے کہ "میں اس باوقار پہچان کو ان اقدار کے ثبوت کے طور پر دیکھتی ہوں جن کیلئے میں کھڑی ہوں اور مجھے امید ہے کہ میں دوسروں کو اس میراث کو آگے بڑھانے کی ترغیب دوں گی، اور میرے ذہن میں بہت سارے منصوبے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فرانسیسی حکومت نے انہیں Femme Relais Médiatrice İnterculturelle de Champigny (FRMİC) کے ڈائریکٹر اور بانی کے طور پر ان کی صلاحیت کو تسلیم کیا ہے جو بین الثقافتی خواتین کو مشاورت اور حل فراہم کرتی ہیں۔
اسماء اشرف فرانس میں پاکستانی نژاد واحد خاتون ہیں جنہوں نے یہ تمغہ حاصل کیا ہے ، وہ کراچی میں پیدا ہوئیں اور 1977 میں 3 سال کی عمر میں اپنے والدین کے ساتھ پیرس منتقل ہوگئیں۔
اس نے بزنس مینجمنٹ کی تعلیم حاصل کی اور سماجی اور ثقافتی سرگرمیوں کے انعقاد میں حصہ لیا، اس کی بہن صائمہ اشرف بورو آف بارکنگ اینڈ ڈیگینہم کی لیبر پارٹی کی کونسلر ہیں۔
اسماءاشرف نے کہا کہ چھوٹی عمر سے ہی انہیں اسکول میں بھی لوگوں کی نمائندگی کرنے کا بہت شوق تھا جہاں وہ اسٹوڈنٹ کونسل میں تھیں اور کئی پلیٹ فارمز پر اپنے اسکول کی نمائندگی کرتی تھیں۔
اسماء "Pi" پوٹینشل انکیوبیٹر کی ڈائریکٹر اور بانی بھی ہیں جو کہ ایک ایسی تنظیم ہے جو نوجوانوں کی پیشہ ورانہ اور کاروباری صلاحیتوں کو فروغ دینے اور کھولنے میں مدد کرتی ہے۔
Comments are closed on this story.