Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

الیکشن کمیشن نے میئر بنوں کی نشست پر دوبارہ گنتی کا حکم معطل کردیا

اسلام آباد:الیکشن کمیشن آف پاکستان نے میئر بنوں کی نشست پر...
اپ ڈیٹ 22 دسمبر 2021 02:46pm

اسلام آباد:الیکشن کمیشن آف پاکستان نے میئر بنوں کی نشست پر دوبارہ گنتی کا حکم معطل کر دیا، جس کا حکم چیف الیکشن کمشنر اور ممبران الیکشن کمیشن نے جاری کیا۔

جمعیت علما ئے اسلام (ف) کے عرفان درانی کی درخواست پر الیکشن کمیشن نے عبوری حکم جاری کرتے ہوئے ریٹرننگ افسر کے تمام پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ گنتی کا حکم معطل کیا۔

وکیل جے یو آئی (ف)نے مؤقف اپنایا کہ 10 ہزار سے کم مارجن پر ہی دوبارہ گنتی ہو سکتی ہے، جس پر الیکشن کمیشن نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ ہفتے طلب کر لیا۔

خیال رہے کہ ریٹرننگ افسر (آر او)نے تمام پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ گنتی کا حکم دیا تھا ۔

غیرحتمی نتائج کے مطابق جے یو آئی کے عرفان اللّٰہ درانی نے 59844 ووٹ لےا تھے جبکہ پی ٹی آئی کے اقبال جدون کو 43398 ووٹ ملے تھے۔

دوبارہ گنتی کی درخواست پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے دی گئی تھی۔

واضح رہے کہ خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں حکمراں جماعت پی ٹی آئی کو کئی مقامات پر اپ سیٹ شکست ہوئی ہے۔

انتخابات کے پہلے مرحلے میں اب تک جے یو آئی ایف 64 میں سے 19 تحصیلوں میں برتری حاصل کرکے سب سے آگے ہے، 4 میں سے 3 اہم شہروں پشاور، بنوں اور کوہاٹ میں جے یو آئی کا میئر کا امیدوار بھی آگے ہے جبکہ مردان میں عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی)سب سے آگے ہے۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی ڈی پی او بنوں کی سرزنش

دوسری جانب الیکشن کمیشن میں بنوں کی تحصیل بکاخیل میں پولنگ اسٹیشنز پر حملہ اور انتخابات ملتوی ہونے کے کیس کی سماعت بھی ہوئی، ڈی آر او اور ریٹرننگ افسر پیش ہوئے۔

وکیل جے یو آئی نے بتایا کہ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ مسلح افراد کے ہمراہ پولنگ میٹریل لےکر فرار ہوئے، وزیر کے بھائی اور بیٹے براہ راست ملوث ہیں۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے ڈی پی او بنوں کی سرزنش کرتے ہوئے اسے انتہائی سنجیدہ معاملہ قرار دیا اور کہا کہ کسی نے ملزمان کو بچانے کی کوشش کی تو وہ نہیں بچے گا، خواتین کو پولنگ اسٹیشنز سے اغواء کرنا انتہائی سنگین واقعہ ہے،یہ سب کیسے اور کیوں ہوا؟ پولنگ اسٹیشنز کو تباہ و برباد کر دینا معمولی بات نہیں،کوئی حکومتی عہدیدار ملوث ہوا تو اس کیخلاف بھی کارروائی ہوگی۔

ڈی پی او بنوں نے 18 مشکوک افراد کو گرفتار کرکے تحقیقات جاری ہونے کا بتایا۔

الیکشن کمیشن نے صوبائی وزیر شاہ محمد ،ان کے بھائی اور بیٹے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت منگل تک ملتوی کر دی۔

بنوں میں پولنگ اسٹیشنوں پر حملے کے الزام میں 21 افراد کیخلاف مقدمہ درج

دوسری جانب بنوں کی تحصیل بکاخیل میں پولنگ اسٹیشنوں پر حملے کے الزام میں صوبائی وزیر ملک شاہ محمد خان کے بھائی اور بیٹے سمیت 21 افراد کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ۔

بلدیاتی انتخابات سے ایک روز قبل 18 دسمبر کی شب مسلح افراد نے بنوں کی تحصیل بکاخیل کے 4پولنگ اسٹیشنوں پر دھاوا بول کر انتخابی سامان ضبط کرلیا تھا جس کی وجہ سے تحصیل بکاخیل میں انتخابات بھی ملتوی کردیئے گئے تھے ۔

واقعے کی نامعلوم ایف آئی آر درج کی گئی تھی اور واقعے کی تحقیقات بھی کی جا رہی تھی تاہم اب بڑی پیشرفت سامنے آئی ہے کہ ابتدائی تحقیقات میں صوبائی وزیر ملک شاہ محمد خان کے بھائی ملک گل باز خان اور ان کے فرزند امیدوار برائے چیئرمین شپ ملک مامون خان سمیت 21 افراد کیخلاف سامان لے جانے کے الزام میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔

ECP

اسلام آباد

JUI F

vote counting