سپریم کورٹ نے اسحاق ڈار کیخلاف درخواست عدم پیروی پر خارج کردی
اسلام آباد:سپریم کورٹ نے سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار کیخلاف درخواست عدم پیروی پرخارج کردی جس کے بعد بطور سینیٹر ممبر شپ کا نوٹیفکیشن روکنے کا حکم امتناع بھی ختم ہوگیا۔
چیف جسٹس گلزاراحمد کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3رکنی بنچ نے اسحاق ڈارکی سینیٹ رکنیت سے متعلق کیس کی سماعت کی۔
جسٹس اعجازالاحسن نے ریمارکس دیئے کہ درخواست گزارنوازش پیرزادہ گزشتہ سماعت پربھی پیش نہیں ہوئے تھے ،اسحاق ڈارکوعدالت نے طلب کیا تھا لیکن وہ بھی پیش نہیں ہوئے۔
عدالتی ریمارکس پر اسحاق ڈارکے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ اسحاق ڈاربیمار ہیں اوربیرون ملک مقیم ہیں ،جس کی وجہ سے وہ عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل چوہدری عامر رحمان نےکہا کہ آرڈیننس کے تحت 2 ماہ حلف نہ اٹھانے والے کی نشست خالی تصور ہوگی،اسحاق ڈار کا نوٹیفکیشن نہیں ہوا اس لئے ان پر قانون کا اطلاق نہیں ہوتا۔
عدالت نے اسحاق ڈار کیخلاف درخواست عدم پیروی پرخارج کردی ، جس کے بعد اسحاق ڈارکی بطور سینیٹر ممبر شپ کا نوٹیفکیشن روکنے کا حکم امتناع ختم ہوگیا۔
حکم امتناع ختم ہونے پر اسحاق ڈارکی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا، نوٹیفکیشن جاری ہوتے ہی اسحاق ڈارپر نئے آرڈیننس کا اطلاق ہوجائے گا ،اسحاق ڈار نے 60 روز میں پاکستان آکرحلف نہ اٹھایا تو نشست سے ہاتھ دھو بیٹھیں گے۔
Comments are closed on this story.