Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

خیبرپختونخوا کے 17اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کیلئے پولنگ، کئی مقامات پر ہنگامہ آرائی

پشاور:خیبر پختونخوا کے 17 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کیلئے پولنگ...
اپ ڈیٹ 19 دسمبر 2021 02:43pm

پشاور:خیبر پختونخوا کے 17 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کیلئے پولنگ کا عمل جاری ہے،جو شام بجے تک جاری رہے گا، خیبر اور پشاور سمت مختلف اضلاع میں ہنگامہ آرائی کے واقعات سامنے آئے،کہں بیلٹ بکس توڑے گئے تو کہیں راکٹ فائر کئے گئے تو کہیں دھاندلی کے الزامات سامنےآئے۔

خیبر پختونخوا کے 17 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کیلئے پولنگ کا آغاز ہو گیا، بلدیاتی انتخابات کیلئے پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی جبکہ قبائلی اضلاع کے عوام آج تاریخ میں پہلی بار اپنے بلدیاتی نمائندے منتخب کریں گے۔

بلدیاتی الیکشن کیلئے ہر ووٹر 6 ووٹ کاسٹ کرے گا، میئر سٹی کونسل اور چیئرمین تحصیل کونسل کی نشست کیلئے ووٹر کو سفید رنگ جبکہ خواتین کی نشست کیلئے گلابی رنگ کا بیلٹ پیپر دیا جائے گا۔

کئی مقامات پر بد نظمی اور بھگڈر، پولنگ کا عمل تاخیر کا شکار

پشاور میں گورنمنٹ پرائمری اسکول شاہ عالم پولنگ اسٹیشن میں بدنظمی اور دھکم پیل میں پولیس اہلکار سمیت 2 افراد زخمی ہو گئے۔

ایس پی سیکیورٹی محمد نبیل کھوکھر بھاری نفری کے ہمراہ متعلقہ پولنگ اسٹیشن پہنچ گئے۔

محمد نبیل کھوکھر نے کہا کہ لوگ قطاروں میں کھڑے نہ ہو کر خود بدنظمی پیدا کر رہے ہیں، پولیس انتخابی عمل میں پرامن ماحول فراہم کرنے کیلئے بھرپور کوشش کر رہی ہیں۔

ضلع خیبر میں 3 مختلف پولنگ اسٹیشنز پر بدنظمی اور بھگدڑ کے باعث پولنگ کا عمل روک دیا گیا۔

ضلع خیبر کی تحصیل لنڈی کوتل غفور خان اسکول وی سی 6 شیخ مل خیل ون میں بھی بد نظمی اور بھگڈر کی شکایات سامنے آئیں۔

پولیس کے مطابق تحصیل لنڈی کوتل 82 میں ووٹرز نے بدنظمی کے دوران بیلٹ باکس توڑ دیا جبکہ تحصیل جمرود وی سی ون پولنگ اسٹیشن پر بھی ووٹر مشتعل ہو کر پولنگ اسٹیشن کے اندر داخل ہو گئے اور الیکشن عملے کخلاسف نعرے بازی کی۔

خیبر کی تحصیل جمرود میں بھی گورنمنٹ خان مست کلی سفیر آباد میں خواتین پولنگ اسٹیشن پر مبینہ دھاندلی کے الزامات اور بے مزگی کی بنا پر پولنگ روک دی گئی جبکہ اسسٹنٹ کمشنر جواد حسین اور پولیس کی بھاری نفری پہنچ گئی۔

امن و امان کی خراب صورتحال، بکا خیل میں الیکشن ملتوی

جے یو آئی رہنما اور کے پی کے اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اکرم خان درانی نے الزام عائد کیا ہے کہ بنوں کی تحصیل بکا خیل میں پی ٹی آئی کے صوبائی وزیر شاہ محمد خان نے 5 پولنگ اسٹیشنز پر دھاوا بولا، سامان اور عملے کو بھی اغوا ءکر کے لے گئے۔

بنوں کی تحصیل بکا خیل میں امن و امان کی خراب صورت حال کے پیش نظر الیکشن کمیشن نے تحصیل بکا خیل میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کر دیئے اور کہا ہے کہ الیکشن کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

پولنگ اسٹیشنز پر مسلح افراد کا حملہ

بنوں کے علاقے نرمی خیل میں رات گئے 3 پولنگ اسٹیشنز پرمسلح افراد نے حملہ کر کے پولنگ سامان چوری کر لیا۔

صوبائی الیکشن کمشنر حبیب الرحمان کے مطابق ملزمان پولنگ کا سامان اٹھا کرنامعلوم مقام پر لے گئے ہیں، تینوں پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا تھا۔

مردان میں ن لیگ کا امیدوار جے یو آئی امیدوار کے حق میں دستبردار

مردان کی تحصیل کاٹلنگ میں چیئرمین شپ الیکشن کیلئے ن لیگ کا امیدوار جے یو آئی ف کےامیدوار کے حق میں دستبردار ہو گیا۔

مسلم لیگ ن کے امیدوار ثمر خان کا کہنا ہے کہ ہم پی ڈی ایم کا حصہ ہیں اور پی ٹی آئی کو شکست دینے کیلئے جے یو آئی کے حق میں دستبردار ہو رہا ہوں۔

ڈی آئی خان میں کونسل میئر شپ کی نشست پر الیکشن ملتوی

ڈیرہ اسماعیل خان میں عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار عمرخطاب شیرانی کے قتل کے بعد کونسل مئیر شپ کی نشست کا الیکشن ملتوی کردیاگیا۔

کن اضلاع میں انتخابات ہوں گے؟

پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، خیبر، مہمند، مردان، صوابی، کوہاٹ، کرک، ہنگو، بنوں، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، ہری پور، بونیر اور باجوڑ میں مجموعی طور پر ایک کروڑ 26 لاکھ 68 ہزار 862 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

مرد ووٹرز کی تعداد 70 لاکھ 15 ہزار 767 جبکہ خواتین ووٹروں کی تعداد 56 لاکھ 53 ہزار 95 ہے۔

مجموعی طور پر سٹی میئر اور تحصیل چیئرمین کی نشستوں کیلئے 689 امیدواروں، ویلج اور نیبرہڈ کونسلوں میں جنرل نشستوں پر 19 ہزار 285، خواتین کی نشستوں پر 3 ہزار 870، مزدور کسان کی نشستوں کیلئے 7 ہزار 428، یوتھ نشستوں پر 6 ہزار 11 اور اقلیتی نشستوں پر 293 امیدواروں کے مابین مقابلہ ہو رہا ہے۔

صوبے میں کُل 9 ہزار 223 پولنگ اسٹیشنز اور 28 ہزار 892 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں جن میں 4188 پولنگ اسٹیشنز کو حساس اور 2507 کو زیادہ حساس قرار دیا گیا ہے۔

سیکیورٹی انتظامات

بلدیاتی انتخابات کیلئے 77 ہزار پولیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں جبکہ ایف سی اور آرمی کے 10 ہزار جوانوں پر مشتمل کوئیک رسپانس فورس بھی بیک اپ کے طور پر ہے، صرف پشاور میں 11 ہزار سے زیادہ پولیس اہلکار تعینات کئےجائیں گے۔

2ہزار سے زائد امیدوار بلامقابلہ منتخب

بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں 2 ہزار 32 امیدوار بلامقابلہ منتخب ہو چکے ہیں،جنرل نشستوں پر 217 ، خواتین نشستوں پر 876، کسان کی نشستوں پر 285 اور یوتھ نشستوں پر 500 جبکہ اقلیتی نشستوں پر 154 امیدوار بلامقابلہ کامیاب ہوئے۔

KPK

peshawar

by election

Polling