Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

پاکستان کے معاشی اعشاریئے اور زرِمبادلہ کے ذخائر مستحکم ہیں، وزیراعظم

اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کے معاشی...
شائع 07 دسمبر 2021 03:27pm

اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کے معاشی اعشاریئے اور زرِ مبادلہ کے ذخائر مستحکم ہیں،اب معیشت پائیدارترقی کی طرف گامزن ہے، معاشی پالیسیاں صحیح سمت میں جارہی ہیں۔

وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرصدارت اسلام آباد میں میکرو اکنامک مشاورتی گروپ کا اجلاس ہوا،جس میں مشیر خزانہ شوکت فیاض ترین، وزیر توانائی حماد اظہر، وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، معاونِ خصوصی ڈاکٹر شہباز گل، گورنر اسٹیٹ بنک رضا باقر اور دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کوملکی معاشی و اقتصادی صورتحال، میکرواکنامک اعشاریوں میں بتدریج بہتری، ملکی معیشت کو مزید مستحکم کرنے کیلئے جامع منصوبہ بندی اور عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باوجود معاشی ترقی کی شرح کو بڑھانے اور پائیدار بنانےپر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ پچھلی حکومتوں کے پیدا کردہ معاشی بحرانوں اور کورونا کی وجہ سے معاشی مشکلات کا بہترین معاشی پالیسیوں کے ساتھ مقابلہ کرنے پر عالمی سطح پر پاکستان کی پذیرائی ہوئی، ملکی زرِ مبادلہ کے ذخائر مستحکم ہیں، توانائی کے شعبے میں اصلاحات کی بدولت گردشی قرضوں میں کمی واقع ہوئی ہے، ریونیو میں 35 فی صد اضافہ خوش آئند ہے۔

عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں متوقع کمی کی وجہ سے عوام تک ریلیف پہنچانے میں معاونت پر بھی بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم عمران خان نے معاشی ریلیف کو عوام تک جلد پہنچانے کے اقدامات اٹھانے کی ہدایات جاری کر دیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے معاشی اعشاریئے اور زرِ مبادلہ کے ذخائر مستحکم ہیں، حکومت نے نہ صرف گزشتہ حکومت کے وراثت میں چھوڑے ہوئے معاشی بحرانوں بلکہ کورونا وباء سے پیدا ہونے والی معاشی مشکلات کا بہترین طریقے سے مقابلہ کیا، اب معیشت پائیدار ترقی کی طرف گامزن ہے۔

عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ بڑے پیمانے کی صنعت کی پیداوار، ویلیو ایڈیشن، ریونیو اور برآمدات میں اضافہ واضح کرتا ہے کہ حکومتی معاشی پالیسیاں صحیح سمت میں جا رہی ہیں،رواں مالی سال کے اختتام پر معاشی ترقی گزشتہ مالی سال سے بھی ذیادہ ہونے کی امید ہے۔

pm imran khan

اسلام آباد

meeting

Economic

remittance