Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

سانحہ سیالکوٹ: 26ملزمان 15روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے، مزید 7 گرفتار

سیالکوٹ :سانحہ سیالکوٹ کی تحقیقات میں اہم پیشرفت ہوئی ہے، ...
اپ ڈیٹ 06 دسمبر 2021 02:58pm

سیالکوٹ :سانحہ سیالکوٹ کی تحقیقات میں اہم پیشرفت ہوئی ہے، انسداد دہشت گردی عدالت نے سری لنکن فیکٹری منیجر کے قتل میں ملوث 26گرفتار ملزمان کو 15روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا جبکہ پولیس نے مزید 7ملزمان کو بھی گرفتارکرلیا ۔

سانحہ سیالکوٹ کے ملزمان کے گرد قانون کا شکنجہ مزید تنگ ہوگیا،سری لنکن فیکٹری منیجرپریانتھا کمارا کے قتل میں ملوث 26 گرفتار ملزمان کو گوجرانوالہ کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا جہاں پولیس نےملزمان کے 15روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔

جس پر اے ٹی سی کی خصوصی جج نتاشہ نسیم نے 26ملزمان کو 15روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرتے ہوئے دوبارہ21دسمبر کو پیش کرنے کاحکم دے دیا۔

سیالکوٹ واقعے میں ملوث مزید 7 ملزمان گرفتار، تعداد 131 ہوگئی

دوسری جانب سیالکوٹ پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیجز اور موبائل کالز ڈیٹا کی مدد سے افسوسناک واقعے میں ملوث مزید 7ملزمان کو گرفتارکرلیا گیا۔

سانحہ سیالکوٹ کی تحقیقات میں مزید پیشرفت ہوئی ہے،سی سی ٹی وی فوٹیج اورموبائل کالز ڈیٹا کی مدد سے ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

پولیس کے مطابق مزید 7ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا جس کے بعد گرفتار ملزمان کی تعداد131 ہوگئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ویڈیوز میں زیرحراست ملزمان کو ڈنڈے اٹھائے اور تشدد کی پلاننگ کرتے دیکھا گیاتاہم اشتعال پھیلانے اور تشدد میں ملوث ملزمان کی نشاندہی کا عمل جاری ہے۔

افسوس ناک واقعے کا مقدمہ 900 نامعلوم افراد کیخلاف دہشت گردی سمیت دیگر دفعات کے تحت درج ہے۔

ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے تفتیش کو مزید تیز کر رہے ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب اور آئی جی کیس کی تحقیقات کو مسلسل مانیٹر کر رہے ہیں۔

سیالکوٹ واقعہ:سری لنکن مینجر کی لاش لاہور ایئرپورٹ کارگو پر پہنچادی گئی

سیالکوٹ کےافسوسناک واقعے میں ہلاک ہونے والے سری لنکن مینجر پریانتھا کمارا کی لاش لاہور ایئرپورٹ کارگو پر پہنچادی گئی، کچھ دیرمیں کولمبو روانہ کردی جائے گی۔

پولیس حکام کی جانب سے فیکٹری مینیجر کی لاش سری لنکن حکام کے حوالے کی دی گئی۔

پریا نتھا کماراکی میت عزت واحترام کے ساتھ سری لنکن ایئرلائنز یو ایل186سے کچھ دیر بعد کولمبوروانہ کی جائے گی۔

سری لنکن فیکٹری مینجر پریانتھا کمارا 3 دسمبر کو فیکٹری ورکرزکے تشدد سےجان کی بازی ہارگئے تھے۔

Murder

CCTV footage

Sialkot incident

Sri Lankan manager