چٹاگانگ ٹیسٹ کا تیسرا روز: پہلی اننگز میں پاکستانی ٹیم 286 رنز پر ڈھیر
چٹاگانگ ٹیسٹ کے تیسرے روز بنگلا دیش کے 330 رنز کے جواب میں پاکستانی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 286 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
چٹانگ کے ظہور احمد چوہدری اسٹیڈیم میں جاری میچ کے تیسرے روز پاکستان نے اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز145رنز 2کھلاڑی آؤٹ سے کیا عابد علی 93 اور عبداللہ شفیق 52 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔
تاہم کھیل کے پہلے ہی اوور میں تاج الاسلام نے پہلے عبداللہ شفیق کو ایل بی ڈبلیو کیا اور پھر اگلی ہی گیند پر اظہر علی کو بھی گولڈن ڈک پر پویلین کی راہ دکھا دی۔
اس کے بعد 169رنز پر قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم بھی 10 رنز بنا کر مہدی حسن مراز کی گیند پر بولڈ ہو گئے جبکہ فواد عالم بھی کچھ خاص نہ کرسکے اور وہ بھی 182کے مجموعی اسکور پر اپنی وکٹ تاج الاسلام کو تھما بیٹھے۔
دوسری جانب عابد علی نے شاندار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور اپنی سنچری مکمل کی، عابد علی 133 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
اس کے علاوہ فہیم اشرف 38،فواد عالم 8 اور محمد رضوان 5 رنز بنا سکے جبکہ حسن علی 12اور شاہین شاہ آفریدی 13رنز کے ہی مہمان ثابت ہوئے۔
بنگلہ دیش کے 330 رنز کے جواب میں پاکستانی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 286 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، جس کے بعد میزبان ٹیم کو قومی ٹیم پر 44رنز کی سبقت حاصل ہوگئی۔
بنگلہ دیش کی جانب سے تاج الاسلام نے 7،عبادت حسین نے 2اورمہدی حسن مراز نے ایک وکٹیں حاصل کیں۔
کھیل کا دوسرا دن
گزشتہ روز کھیل کے دوسرے بنگلادیش کی ٹیم اسکور میں صرف 77 رنز کا ہی اضافہ کرسکی اور 330 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی جبکہ پاکستان نے بغیر کسی نقصان کے کھیل کے اختتام پر 145 رنز بنالئے تھے۔
پاکستان کی جانب سے حسن علی نے عمدہ پرفارمنس دکھاتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ شاہین شاہ آفریدی اور فہیم اشرف نے 2،2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
کھیل کاپہلادن
کھیل کے پہلے دن بنگلادیش نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو صرف 49 رنز پر 4 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے تاہم بعد میں لٹن داس اور مشفق الرحیم کی 206 رنز کی شراکت نے بنگلادیش کو مستحکم پوزیشن میں لاکھڑا کیا، دن کے اختتام تک میزبان ٹیم نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 253 رنز بنائے تھے۔
بنگلا دیش کی جانب سے لٹن داس نے سنچری اسکور کی تھی جبکہ مشفیق الرحیم نروس نائنٹیز کا شکار ہو گئے تھے۔
Comments are closed on this story.