Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی، آئی سی سی نے شاہین آفریدی پر جرمانہ عائد کردیا

دبئی:انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی...
شائع 22 نومبر 2021 09:07am

دبئی:انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر قومی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین آفریدی پر میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ عائد کردیا ۔

آئی سی سی کے مطابق شاہین آفریدی بنگلادیش کیخلاف دوسرے ٹی 20میچ میں آرٹیکل 2.9 کی خلاف ورزی کے مرتکب قرار پائے۔

شاہین آفریدی نے میچ کے دوران گیند فیلڈ کرتے ہی اسے بیٹر عفیف حسین کی جانب پھینکا تھا۔

آئی سی سی کے مطابق جرمانےکے ساتھ شاہین آفریدی کے ڈسپلنری پروفائل پر ایک ڈی میرٹ پوائنٹ کا اضافہ ہوگیا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان ہونے والے دوسرے ٹی 20 میچ میں بنگلادیشی بلے باز عفیف حسین نے شاہین کو تیسرے اوور کی دوسری گیند پر چھکا مارا تھا، اس کے فوری بعد اگلی ہی گیند عفیف نے روکی جو سیدھا شاہین کے ہاتھ میں گئی۔

اس موقع پر شاہین نے غیر ضروری طور پر تیز تھرو کردیا جو وکٹ کے سامنے کھڑے عفیف کے ٹخنے پر لگ گیا جس سے وہ پچ پر گر پڑے۔

شاہین نے بیٹرسے اسی وقت معذرت کی اور قریب جاکر اسے حوصلہ دیا اور ہمت بندھائی، اس موقع پر فوری طبی امداد کیلئے ڈاکٹر کو بھی گراؤنڈ میں طلب کیا گیا، جس کے بعد عفیف دوبارہ بیٹنگ کیلئے وکٹ پر آگئے۔

تاہم سوشل میڈیا صارفین نے شاہین کو آڑے ہاتھوں لے لیا اور ان کے رویے پر سخت تنقید کی۔

بعدازاں میچ کے بعد شاہین آفریدی خود چل کر عفیف کے پاس گئے اور ان سے دوبارہ معذرت کی اور گلے بھی لگایا۔

جرمانہ عائد ہونے کے بعد شاہین شاہ آفریدی کا نیا پیغام

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے جرمانہ عائد کرنے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کا نیا پیغام سامنے آگیا۔

شاہین شاہ آفریدی نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر نئی تصویر پوسٹ کی ہے، جس پر مداحوں کی جانب سے انہیں سراہا جارہا ہے۔

اپنے پیغام میں شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ خوش رہنا کبھی ہمارے اسٹائل سے باہر نہیں جاتا۔

پی سی بی کی جانب سے جب پاکستانی ٹیم کے ڈنر کی ویڈیو جاری کی گئی تو اس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شاہین آفریدی کی یہ تصویر بابر اعظم نے لی ہے۔

ICC

Fast Bowler

fine

dubai

Shaheen Shah Afridi

PAK vs BAN