Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

ٹی 20ورلڈکپ میں پاکستان ٹیم نے کئی ریکارڈز اپنے نام کئے

دبئی:آئی سی سی ٹی 20ورلڈ کپ میں جمعرات کے روز آسٹریلیا کے ہاتھوں...
شائع 12 نومبر 2021 09:37am

دبئی:آئی سی سی ٹی 20ورلڈ کپ میں جمعرات کے روز آسٹریلیا کے ہاتھوں سیمی فائنل میں شکست کے بعد قومی ٹیم کا ورلڈکپ میں سفر ختم ہوا،مختصر فارمیٹ کے عالمی کپ میں پاکستان ٹیم نے کئی ریکارڈز اپنے نام کئے۔

پاکستان ٹیم کو آسٹریلیا کیخلاف شکست ضرور ہوئی لیکن شاہینوں نے پورے ورلڈکپ میں اپنی عمدہ کارکردگی سے شائقین کرکٹ کے دل جیتے ۔

آئیں نظر ڈالتے ہیں کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے رواں ٹی 20 ورلڈکپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کونسے ریکارڈز اپنے نام کیے۔

بھارت کیخلاف 10 وکٹوں سے کامیابی

پاکستان نے24 اکتوبر کو ٹی 20 ورلڈکپ کے پہلے میچ میں بھارت کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 10 وکٹوں سےشکست دی تھی ۔

پاکستان نے اپنی ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کی تاریخ میں پہلی بار کسی بھی ٹیم کو 10 وکٹوں سے شکست دی جبکہ بھارت کو پہلی بار کسی بھی ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 10 وکٹ سے ہرایا۔

اس کے علاوہ پاکستان ٹی 20 ورلڈکپ میں 10 وکٹ سے میچ جیتنے والی چوتھی ٹیم بھی بنی۔

واضح رہے کہ پاکستان نے بھارت کو پہلی بار کسی بھی ورلڈکپ میں شکست دی ۔

کسی بھی ٹی 20ورلڈکپ میں پہلی وکٹ کیلئے 152 رنز کی شراکت داری

پاکستان نے ٹی 20 ورلڈکپ میں بابر اعظم اور محمد رضوان کی 152 رنز کی شراکت داری کی بدولت بھارت کو 10 وکٹوں سے شکست دی۔

بابر اور رضوان کے درمیان پہلی وکٹ پر 152 رنز کی شراکت داری کسی بھی ٹی 20 ورلڈکپ میں پہلی وکٹ کیلئے سب سے بڑی شراکت داری ہے۔

اس کے علاوہ بابر اعظم اور محمد رضوان نے پہلی وکٹ کیلئے 152 رنز کی ناقابل شکست شراکت بناکر بھارت کیخلاف کسی بھی ٹیم کی جانب سے کسی بھی وکٹ پر ٹی ٹوئنٹیز کی سب سے بڑی شراکت بنائی۔

اس سے قبل یہ ریکارڈ آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر اور شین واٹسن کے پاس تھا ،دونوں نے 2012 میں بھارت کیخلاف 133 رنز کی شراکت بنائی تھی ۔

یہ شراکت بھارت کیخلاف کسی بھی وکٹ پر پاکستان کی بہترین شراکت تو پہلے ہی بن چکی تھی جب دونوں ٹیم کے 107 ویں رن کیلئے دوڑے ۔

اس سے قبل 2012 میں حفیظ اور شعیب ملک نے 106 رنز کی شراکت چوتھی وکٹ پر بنائی تھی ۔

اس کے علاوہ یہ ٹی 20 ورلڈ کپ مقابلوں میں بھی کسی بھی وکٹ پر پاکستان کی سب سے بڑی شراکت ہے ،اس سے قبل 2010 میں سلمان بٹ اور کامران اکمل نے بنگلا دیش کیخلاف 142 رنز کی شراکت قائم کی تھی ۔

آصف علی کے ایک اوور میں 4 چھکے

آصف علی افغانستان کیخلاف ایک اوور میں 4 چھکے لگانے کے بعد ٹی 20 میچز میں پاکستان کی جانب سے ایک اوور میں 4 چھکے لگانے والے پہلے بیٹسمین بنے۔

واضح رہے کہ آصف علی نے ٹی 20 ورلڈ کپ کے میچ میں افغانستان کیخلاف 19 ویں اوور میں 4 چھکے لگا کر پاکستان کو ٹورنامنٹ میں مسلسل تیسری فتح سے ہمکنار کروایا تھا اور میچ کے بہتری کھلاڑی قرار پائے تھے۔

شعیب ملک کی پاکستان کی جانب سے تیز ترین نصف سنچری

شعیب ملک ٹی 20 انٹرنیشنل میں تیزترین نصف سنچری بنانے والے پاکستانی بنے۔

شعیب ملک نے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے میچ میں اسکاٹ لینڈ کیخلاف شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 18 گیندوں پر ففٹی بنائی اور 54 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے،ان کی اننگز میں 6 چھکے اور ایک چوکا شامل تھا۔

اس سے قبل عمر اکمل نے 2010 میں آسٹریلیا کخلامف 21 گیندوں پر نصف سنچری بنائی تھی۔

قومی ٹیم پہلی بار ناقابل شکست رہتے ہوئے ورلڈکپ سیمی فائنل میں پہنچی

پاکستان کرکٹ ٹیم نے آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈکپ کے سپر 12 مرحلے میں اپنے تمام میچز(5) جیت کر گروپ میں ٹاپ پوزیشن حاصل کی تھی۔

قومی کرکٹ ٹیم رواں ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں پہلے ہی پہنچ چکی تھی تاہم اسکاٹ لینڈ کخلامف اپنے آخری گروپ میچ میں کامیابی کے بعد سپر 12 مرحلے میں اپنے تمام میچز جیت کر گروپ میچز میں ناقابل شکست رہنے کا بھی اعزاز حاصل کیا۔

پاکستان کرکٹ کی تاریخ میں پہلی بار ہوا کہ قومی ٹیم گروپ میچز میں ناقابل شکست رہتے ہوئے ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں پہنچی تھی۔

گرین شرٹس نے11 مرتبہ ورلڈکپ کے سیمی فائنلز کے کیلئے کوالیفائی کیا ،جن میں 6 بار 50 اوورز اور 5 بار ٹی 20 ورلڈکپ شامل ہیں۔

بابر اعظم کا ڈیبیو ٹی 20ورلڈکپ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ

بابر اعظم نے ڈیبیو ورلڈکپ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا۔

بابر اعظم نے رواں ٹی 20 ورلڈکپ میں مجموعی طور پر 303 رنز بنائے جو کسی بھی بیٹسمین کے اپنے پہلےٹی 20 ورلڈکپ میں سب سے زیادہ رنز ہیں۔

ان سے قبل ڈیبیو ٹی 20 ورلڈکپ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ آسٹریلیا کے میتھیو ہیڈن کے پاس تھا،انہوں نے 2007 کے ٹی 20 ورلڈکپ میں 265 رنز بنائے تھے

پہلی بار پاکستان ٹیم 6 لگاتار ٹی 20انٹرنیشنل میچز اپنی ایک ہی ٹیم کے ساتھ کھیلی

اس کے علاوہ پاکستان کرکٹ ٹیم پہلی بار 6 لگاتار ٹی 20 انٹرنیشنل میچز اپنی ایک ہی ٹیم کے ساتھ کھیلی۔

قومی ٹیم نے رواں ورلڈکپ میں 6 میچز کھیلے اور 6 میچز میں اپنی ٹیم میں ایک بھی تبدیلی نہیں کی۔

واضح رہے کہ آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈکپ کا فائنل آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان 14 نومبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔

dubai

Pakistan Team

ICC T20 World Cup

ریکارڈز

PakvsAUS