Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

چینی کی قیمتوں میں اضافے کے بعد پنجاب حکومت متحرک، 2 شوگر ملز سیل

لاہور:چینی کی قیمتوں میں اضافے کے بعد پنجاب حکومت متحرک...
شائع 05 نومبر 2021 12:51pm
کاروبار

لاہور:چینی کی قیمتوں میں اضافے کے بعد پنجاب حکومت متحرک ہوگئی،2شوگر ملز سیل اور سینکڑوں ٹن چینی برآمد کرلی گئی۔

چینی کی بڑھتی قیمتوں کے بعد پنجاب حکومت متحرک ہوگئی،چیف سیکرٹری پنجاب کامران افضل کا کہنا ہے کہ صوبے میں چینی کے ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کریک ڈاون شروع کردیا گیا ہے۔

سرگودھا اور فیصل آباد میں 2 شوگر ملز سیل کی گئی ہیں جبکہ رحیم یار خان سے 6 ہزار 7 سو 57 ٹن چینی برآمد کرلی گئی جبکہ لاہور سے 100، سرگودھا سے 480 اور ساہیوال سے 960 چینی کے تھیلے برآمد کرلئے گئے۔

چیف سیکرٹری پنجاب کا کہنا ہے کہ شوگر ملز کے اسٹاک کی چیکنگ اور مقررہ قیمت پر فروخت کیلئے سرکاری اہلکار تعینات کردیئے ہیں۔

کامران افضل کا مزیدکہنا ہے کہ ضبط کی گئی چینی مارکیٹ میں کنٹرول ریٹ پر فروخت کی جائے گی جس سے چینی کی قیمتوں میں کمی ہوگی،چینی کی ایکس مل قیمت 84 روپے 75 پیسے جبکہ ریٹیل 89 روپے 75 پیسے مقرر ہے۔

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں چینی کا بحران شدت اختیار کرگیا

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں چینی کا بحران شدت اختیار کرگیا، مارکیٹ میں مقامی چینی نایاب، ہول سیل قیمت 140روپے کلو تک پہنچ گئی، شوگر مل مالکان نے کرشنگ کیلئے 15 نومبر کی حکومتی ڈیڈ لائن ماننے سے انکا کر دیا۔

حکومت اور شوگر ملز مالکان کے درمیان جاری سرد جنگ کے باعث مارکیٹ میں چینی کی طلب اور رسد کا توازن بری طرح بگڑ گیا۔

اس وقت مارکیٹ میں امپورٹ کی گئی چینی ہی حکومت کے مقرر کردہ نرخوں پر دستیاب ہے، مقامی طور پر تیار کی گئی چینی نایاب ہے۔

مارکیٹ ڈیلروں کے مطابق لاہور میں مقامی چینی کی طلب 3ہزار ٹن جبکہ سپلائی صرف 500ٹن روزانہ ہے،مارکیٹ میں پچاس کلو تھیلے کی قیمت 6ہزار سے بڑھ کر 7ہزار ہو گئی ہے جس کی وجہ سے مارکیٹ میں چینی کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے۔

دوسری جانب مل مالکان نے کرشنگ 25 نومبر سے شروع کرنے کا اعلان کر رکھا ہے جبکہ پنجاب حکومت نے 15 نومبر کی ڈیڈ لائن دے رکھی ہے۔

lahore

sugar

Punjab Govt

crackdown