پاکستان کیخلاف میچ سے قبل افغان کرکٹ ٹیم کے اہم بولر کا بیان سامنے آگیا
دبئی: آئی سی سی ورلڈ ٹی 20سپر 12 مرحلے میں پاکستان کیخلاف میچ سے قبل افغانستان کرکٹ ٹیم کے اہم بولر راشد خان کا بیان سامنے آیا ہے۔
افغانستان کرکٹ ٹیم کے بولر راشد خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کیخلاف ہمیشہ سے بہترین کرکٹ میچ ہوتا ہے، شائقین کرکٹ کو ایک کھیل ہی سمجھیں، پر امن رہ کر کرکٹ سے محظوظ ہونا چاہیے۔
راشدخان نے کہا کہ 2019 ورلڈکپ میں پاک افغان میچ کے دوران اور بعد میں جو ہوا وہ نہیں ہونا چاہیے، کرکٹ دو قوموں کو قریب لانے میں مدد کرتی ہے، جو بھی بہتر کھیلے گا وہ جیتے گا اور شائقین کرکٹ کو یہ بات قبول کرنی چاہیے۔
خیال رہے کہ 29 جون 2019 کو پاکستان اور افغانستان کی کرکٹ ٹیموں کا جذبہ بڑھانے ہیڈنگلے کرکٹ گراؤنڈ لیڈز میں آئے شائقین کرکٹ کی جانب سے میچ کے آغاز سے قبل ہی نعرے بازی عروج پر تھی مگر جوں جوں میچ میں افغانستان کرکٹ ٹیم کے بیٹسمین پاکستانی بولرز کے سامنے وکٹیں گنواتے رہے افغان شائقین کا جوش اور جذبہ غصے میں بدلنے لگا۔
افغان شائقینِ کرکٹ کو پاکستان کرکٹ ٹیم کے حق میں نعرے لگاتے کرکٹ فینز پر غصہ آنے لگا، پہلے اسٹیڈیم کے اندر پاکستانی کرکٹ فینز سے الجھنے پر افغانستان کے شائقین کرکٹ کو اسٹیڈیم سے باہر نکالا گیا، مگر معاملہ یہاں نہ رکا اور افغان کرکٹ فینز نے اسٹیڈیم کے اندر موجود پاکستانی شائقین کرکٹ کو پانی کی بوتلیں مارنا شروع کردیں۔
پاکستان کے خلاف نازیبا الفاظ کا استعمال کرنے والے افغان شائقین کرکٹ کو اسٹیڈیم سے باہر نکالا گیا تو انہوں نے ہیڈنگلے کرکٹ گراؤنڈ کے باہر موجود پاکستانی کرکٹ کی شرٹ زیب تن کےی نوجوانوں پر دھاوا بول دیا اور انہیں شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔
اس تمام کارروائی کے دوران اسٹیدیم میں موجود سیکیورٹی اسٹاف نے افغانستان کرکٹ ٹیم کے 2 سپورٹرز کو تحویل میں لے لیا، اپنے ساتھیوں کو تحویل میں لےن جانے پر افغان کرکٹ فینز کاسیکیورٹی حکام سے بھی جھگڑا ہوا اور وہ اسٹیڈیم کے جنگلے پھلانگ کر گراؤنڈ میں آنے کی کوشش کرتے رہے۔
اس تمام کارروائی کی عکس بندی کرنے والے پاکستانی صحافیوں پر بھی افغان شائقینِ کرکٹ نے حملہ کردیا اور ان کے موبائل چھیننے کی کوشش کرتے رہے۔
موبائل فون دینے سے انکار پر افغانستان کرکٹ ٹیم کے سپورٹرز نے پاکستانی صحافیوں کو سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیں، جس پر اسٹیڈیم سیکیورٹی اسٹاف پاکستانی صحافیوں کو بحفاظت اسٹیڈیم لایا۔ اس تمام صورتحال پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اپنا بیان جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ چند کرکٹ فینز کے جھگڑے کے بارے میں مکمل آگاہ ہیں، آئی سی سی اسٹیڈیم سیکیورٹی اسٹاف اور ویسٹ یارکشائر پولیس سے مسلسل رابطے میں ہے۔
Comments are closed on this story.