Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

نیب ٹیم آغا سراج درانی کو گرفتار کرنے میں ناکام

نیب کی ٹیم اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کو گرفتار کرنے میں...
شائع 14 اکتوبر 2021 08:42am

نیب کی ٹیم اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کو گرفتار کرنے میں ناکام ہو گئی۔

نیب کی 3 رکنی ٹیم 15 گھنٹے سے زائد وقت تک آغا سراج درانی کے گھر کے باہر موجود رہی، اور انہیں گرفتار کیے بغیر گھر کے باہر سے ہی واپس چلی گئی۔

نیب ٹیم کو آغا سراج کے ملازمین کی طرف سے مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔ آغا سراج درانی کے گھر کے باہر تعینات پولیس گارڈز نے نیب کی ٹیم کو روکے رکھا۔ سیکیورٹی عملے کا کہنا ہے کہ آغا سراج درانی اس وقت گھر میں موجود نہیں ہیں۔ اس وقت گھر میں صرف خواتین موجود ہیں۔

نیب نے خواتین اہلکار کو گھر میں جانے کی اجازت بھی طلب کی لیکن گھر کے اندر داخل ہونے نہ دیا گیا۔ نیب نے مختلف ٹیمیں تشکیل دے کر آغا سراج درانی کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے۔ گھر کے اطراف ناکہ بندی بھی کی گئی۔ ائیر پورٹ پر بھی نیب کی ٹیم متحرک رہی۔ لیکن تاحال اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جا سکی ہے۔

خیال رہے کہ آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں سندھ ہائی کورٹ نے سندھ اسمبلی کے اسپیکر آغا سراج درانی سمیت 8 ملزمان کی درخواستِ ضمانت مسترد کردی تھی۔

آغا سراج درانی کے خلاف درخواست ضمانت پر عدالت عالیہ کے جسٹس ندیم اختر اور جسٹس اقبال کلہوڑو پر مشتمل خصوصی بینچ نے درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

عدالت نے گزشتہ روز درخواست ضمانت کا فیصلہ 11 بجے سنانے کا وقت مقرر کیا تھا تاہم مقررہ وقت پر آغا سراج درانی سمیت کوئی بھی ملزم عدالت نہیں پہنچا جس پر عدالت نے ملزمان کی غیر موجودگی میں فیصلہ سنایا۔

کیس کے ملزمان میں آغا سراج درانی، ان کی اہلیہ اور بیٹے سمیت 18 ملزمان شامل ہیں جن میں سے 8 ملزمان کی درخواست مسترد کی گئی جبکہ آغا سراج درانی کی اہلیہ اور بیٹوں کی ضمانت منظور کرلی گئی۔

واضح رہے کہ آغا سراج درانی سمیت تمام ملزمان کے خلاف ایک ارب روپے سے زائد غیر قانونی اثاثے بنانے کا ریفرنس احتساب عدالت میں زیر سماعت ہے۔

نیب ریفرنس میں آغا سراج درانی کی اہلیہ اور بیٹیوں کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔

NAB

agha siraj durrani

arrest

speaker sindh assembly