Aaj News

اتوار, نومبر 17, 2024  
15 Jumada Al-Awwal 1446  

ٹی 20 ورلڈ کپ میں ہونے والے شاندار میچز کے یادگار لمحات

کرکٹ میں کئی ایسی انفرادی پرفارمنسز دیکھنے کو ملتی ہیں کہ وہ ہر...
شائع 12 اکتوبر 2021 10:08am

کرکٹ میں کئی ایسی انفرادی پرفارمنسز دیکھنے کو ملتی ہیں کہ وہ ہر کسی کی توجہ کا مرکز بن جاتی ہیں اور مدتوں یاد رہتی ہیں،ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھی ایسی کئی یاد گار پرفارمنس دیکھنے کو ملی ہیں جو فینز کو آج بھی یاد ہیں۔

آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2007 میں شروع ہوا، اس بار ورلڈ کپ کا ساتواں ایڈیشن کھیلا جارہا ہے، ہر ایڈیشن میں کھلاڑیوں نے کچھ ایسی یادگار پرفارمنس دیں جو فینز کبھی فراموش نہیں کرسکتے۔

ٹی 20ورلڈکپ 2007

بھارتی کھلاڑی یووراج سنگھ کی 2007میں کھیلے جانے والے پہلے ٹی 20 ورلڈ کپ کی اننگز کو کون بھول سکتا ہے، انگلینڈ کیخلاف ڈربن میں یووراج سنگھ نے اسٹورٹ براڈ کو چھ گیندوں پر چھ چھکے رسید دیئے اور ٹی 20 انٹرنیشنل کی تیز ترین نصف سنچری صرف 12 گیندوں پر بنائی تھی جو آج تک ایک عالمی ریکارڈ ہے۔

ٹی 20ورلڈ کپ 2009

2009کا ورلڈ کپ تو کوئی پاکستانی فراموش نہیں کرسکتا کیوں کہ پاکستان نے سری لنکا کو ہراکر تاریخی فتح حاصل کی تھی، اس میچ میں بوم بوم کے نام سے مشہور شاہد آفریدی نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 40 گیندوں پر 54 رنز کی شاندار میچ وننگ اننگز کھیلی تھی۔

عمر گل کی نیوزی لینڈ کیخلاف تباہ کن بولنگ بھی یادگار انفرادی پرفارمنسز میں سے ایک ہے، اوول کے مقام پر پاکستانی فاسٹ بولر نے 3 اوورز میں 6 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا تھا اور ٹی 20 انٹرنیشنل میں ایک اننگز میں 5 وکٹیں لینے والے پہلے بولر بن گئے۔

ٹی 20ورلڈ کپ 2010

2010میں پاکستان اور آسٹریلیا کا سیمی فائنل کون بھول سکتا ہے، جس میں پہلے اکمل برادران کی نصف سنچریوں کی بدولت پاکستان نے آسٹریلیا کو جیت کیلئے 192 کا ہدف دیا تھا، آسٹریلوی کھلاڑی مائیکل ہسی کی ذمے دارانہ بیٹنگ کی وجہ آسٹریلیا نے فائنل میں کوالیفائی کیا تھا، جس میں سعید اجمل کے آخری اوور میں مائیکل ہسی نے 4 گیندوں پر بازی پلٹ دی تھی اور ان کی اننگز تاریخ کا حصہ بن گئی۔

ٹی 20ورلڈ کپ 2014

2014 کےٹی 20 ورلڈ کپ میں جنوبی افریقہ کیخلاف ویرات کوہلی کی بیٹنگ بھی ٹی 20 ورلڈ کپ مقابلوں کی یادگار پرفارمنسز میں سے ایک ہے، بھارت کو آخری 10 اوورز میں 93 رنز درکار تھے ، ایسے میں کوہلی نے شاندار اننگز کھیلی اور 44 گیندوں پر 72 رنز بناکر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔

ٹی 20ورلڈ کپ 2016

2016 کے ورلڈ کے کپ میں کارلوس براتھ ویٹ نے انگلینڈ کیخلاف فائنل میں جو کیا ، وہ بھی ناقابل فراموش ہے، آخری اوور میں ویسٹ انڈیز کو جیت کیلئے 19 رنز درکار تھے ،ایسے میں کارلوس بریتھ ویٹ نے بین اسٹوکس کو 4گیندوں پر4چھکےجڑ کر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنارکیا۔

cricket

dubai

T20 World Cup