Aaj News

بدھ, دسمبر 18, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر پرویز ملک انتقال کرگئے

لاہور:مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر اور رکن قومی اسمبلی پرویزملک...
اپ ڈیٹ 11 اکتوبر 2021 01:13pm

لاہور:مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر اور رکن قومی اسمبلی پرویزملک انتقال کرگئے، وہ گزشتہ طویل عرصہ سے بیمار تھے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن)لاہور کے صدر پرویز ملک طویل عرصہ سے علیل تھے تاہم آج صبح دل کے دورہ کے باعث انہیں لاہور کے نجی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ جانبر نہ ہوسکے،ان کی عمر 73برس تھی۔

پرویز ملک 1997میں پہلی بار لاہور سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے، 2018تک انہوں نے 5بار قومی اسمبلی کی نشست پر کامیابی حاصل کی،وہ شاہد خاقان عباسی کے دور حکومت میں وزیر کامرس اینڈ ٹیکسٹائل بھی رہے۔

پرویز ملک نے 2013 پنجاب کے حلقہ این اے 133 میں پاکستان مسلم لیگ (ن) سے انتخاب میں حصہ لیا اور کامیابی حاصل کی، پرویز ملک کی شریک حیات شائستہ پرویز بھی اپنے شوہر کے ساتھ رکن قومی اسمبلی رہیں ،شائستہ پرویز خواتین کی مخصوص نسشت پر کامیاب ہوئیں جبکہ ان کے بیٹے علی پرویز ملک بھی رکن قومی اسمبلی ہیں ۔

پرویز ملک نے بیماری کے باعث ن لیگ لاہور کی صدارت سے معذرت کر لی تھی، لیگی قیادت کی ہدایت پر وہ ن لیگ لاہور کے معاملات کو دیکھتے رہے ، پرویز ملک متعدد بار ن لیگ کی ٹکٹ پر لاہور کے مختلف حلقوں سے منتخب ہوتے رہے ہیں ۔

پرویز ملک معروف طبی ماہر جاوید اکرم کے بڑے بھائی اور جسٹس (ر) عبدالقیوم کے چھوٹے بھائی تھے۔

ادھر مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے پرویز ملک کے انتقال کی تصدیق کرتےہوئے بتایا کہ پرویز ملک کچھ روز سے علیل تھے، پرویز ملک مسلم لیگ ن لاہورکے صدر اور قومی اسمبلی کے اہم رکن تھے۔

مسلم لیگ نون کے قائد نواز شریف، پارٹی صدر شہباز شریف اور دیگر رہنماؤں نے پرویز ملک کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا،مرحوم کی نماز جنازہ لاہور میں ادا کی جائے گی۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے پرویز ملک کے انتقال پر رنج و غم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی آج ایک نہایت قابل، وفادار، بہادر، مخلص رہنما اور نہایت اچھے انسان سے محروم ہو گئی ہے، نواز شریف اور پاکستان مسلم لیگ (ن) سے ان کی وابستگی، وفاداری اور محبت و اعتماد کا تعلق مثالی رہا، ملک، جمہوریت اور عوام کے لئے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

Shehbaz Sharif

lahore

death

Maryam Aurangzeb

MNA