بھاری اسلحہ ایران سے وینزویلا منتقل، 500 کلو گرام وزنی بم بھی شامل: رپورٹ
کولمبیا کے ایک ہفتہ وار جریدے "Semana" کی رپورٹ میں دستاویزی حوالوں کے ساتھ دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایران بھرپور انداز سے وینزویلا کو مسلح کر رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ سلسلہ ایران کی ایک فضائی کمپنی "فارس اير قشم" کے ایک بوئنگ 747 طیارے کے وینزویلا میں سب سے بڑے فوجی اڈے پر اترنے کے ساتھ شروع ہوا۔ اس اڈے کا نام "El Libertador" ہے اور یہ کیریبین کے ساحل پر وینزویلا کے انتہائی شمال میں واقع ہے۔
اس طیارے کے ذریعے 2000 میزائل، 400 بم، 30 کینن لانچرز، 35 ریڈار اور ہزاروں بندوقیں اور کلاشنکوفیں وینزویلا پہنچائی گئیں۔ اس آپریشن کو "Escudo Boliviano 2021" کا نام دیا گیا ہے۔
وینزویلا پہنچائے گئے ہتھیاروں میں "ZAB" اور "RBK" طرز کے بم شامل ہیں۔ ان میں ایک بم کا وزن 500 کلو گرام ہے۔ علاوہ ازیں کھیپ میں بحری جہاز شکن میزائلوں کے علاوہ زمین سے فضا، فضا سے فضا اور طیارہ شکن میزائل شامل ہیں۔
جریدے کی رپورٹ کے مطابق وینزویلا کی وزارت دفاع کے دفتر کے ڈائریکٹر جنرل، جنرل گیرسن اینریک لبراڈور نے ہی 3 دساویزات پر مبنی ایک رپورٹ لکھی۔ اس رپورٹ میں انہوں نے ان ہتھیاروں اور اسلحے کی تفصیلات درج کی ہیں جن کی منتقلی کا مطالبہ کیا گیا۔
جریدے نے اپنی رپورٹ میں اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وینزویلا بھیجے جانے والے ہتھیاروں کو چلانے کی تربیت دینے والے پیشہ ورانہ تربیت کار اور ایرانی انٹیلی جنس کے اہل کار بھی ساتھ پہنچے ہیں۔
اسی دوران میں وینزویلا کی مسلح افواج کے عناصر کو دفاعی اور تزویراتی کورسز کے ذریعے تربیت کے لیے اس ملک (ایران) بھیجا گیا۔
Comments are closed on this story.