Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

لیجنڈ اداکار عمر شریف کی نماز جنازہ ادا کردی گئی

کراچی: کامیڈی کنگ اور لیجنڈ اداکار عمر شریف کی نماز جنازہ ادا...
اپ ڈیٹ 06 اکتوبر 2021 03:46pm

کراچی: کامیڈی کنگ اور لیجنڈ اداکار عمر شریف کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔

معروف کامیڈین عمر شریف کی نماز جنازہ کلفٹن میں واقع عمر شریف پارک میں ادا کردی گئی جس میں بڑی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔

پولیس کے مطابق جنازے کی سیکیورٹی کیلئےدو ڈی ایس پیز کی سربراہی میں 200 سے زائد اہلکار تعینات کئے گئے، پارک کے مین گیٹ پر واک تھرو گیٹ نصب کئے گئے جبکہ پارک میں جنریٹر اوراسپیکر لگائے گئے ،اس کے علاوہ عمر شریف پارک میں بم ڈسپوزل اسکواڈ کی جانب سے سرچنگ بھی کی گئی۔

عبداللّہ شاہ غازی مزارکے احاطے میں عمرشریف کی قبرتیارکرلی گئی ہے جہاں ان کی تدفین شیخ لیاقت کمپاؤنڈ میں کی جائے گی۔

لیجنڈ اداکار عمر شریف کا جسدخاکی رہائش گاہ سے جنازہ گاہ پہنچادیا گیا

اس سے قبل عمر شریف کی میت کو سہراب گوٹھ میں واقع ایدھی سرد خانے سے ان کی رہائش گاہ منتقل کیا گیاتھا،جہاں آخری دیدار کے بعد عمر شریف کا جسد خاکی ایمبولینس کے ذریعے رہائش گاہ سے جنازہ گاہ پہنچایا گیا۔

گھر سے جسدِ خاکی کی روانگی کے موقع پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں، اس موقع پر ہر آنکھ اشکبار تھی۔

میت کی منتقلی کے موقع پر عمر شریف کے مداح، عزیر و اقارب بڑی تعداد میں موجود تھے جو میت کے ہمراہ جنازہ گاہ پہنچے۔

اداکارہ شیبا بٹ اور گلوکارہ شازیہ کوثر بھی عمر شریف کے گھر پہنچیں تھیں جہاں انہوں نے مرحوم اداکار کے اہلِخانہ سے اظہارِ تعزیت کیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گلوکارہ شازیہ کوثر کا کہنا تھا عمر شریف بہترین انسان تھے وہ میرے بھائی کی طرح تھے اللہ ان کے درجات بلند کرے، اللہ پاک اہلخانہ کو صبر و جمیل عطا ءکرے ۔

عمر شریف کے انتقال پر علاقے کی فضا سوگوار ہے،لوگوں کی بڑی تعداد اہلخانہ سے تعذیت کیلئے ان کے گھر پہنچ رہی ہے۔

عمر شریف کی میت علی الصبح کراچی پہنچائی گئی

لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے والے پاکستان کے لیجنڈ اور قومی ہیرو عمر شریف کے سفرِ آخرت کا آغاز ہوگیا،لیجنڈ کامیڈین عمر شریف کی میت وطن کی خاک سے جڑنے کیلئے جرمنی سے کراچی پہنچادی گئی ہے۔

اس سے قبل ترک ائیر لائن کی پروازٹی کے 708 نے رات 12 بج کر 53 منٹ پر استنبول سے ٹیک آف کیا جو صبح 5 بجکر 33 منٹ پر کراچی ائیرپورٹ پہنچی۔

مرحوم عمر شریف کی میت کو ایئر پورٹ سے سول ایوی ایشن کی ایمبولینس کے ذریعے باہر لایا گیا جہاں سے عمر شریف کے جسد خاکی کو ایدھی ایمبولینس میں منتقل کیا گیا،عمر شریف کی میت کو پاکستانی پرچم میں لپیٹا گیا تھا۔

ایئرپورٹ پر عمر شریف کے بیٹوں اور عزیز و اقارب نے میت وصول کی، میت ترک ائیر لائن کی پرواز سے کراچی پہنچائی گئی، وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی بھی ہمراہ تھے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعید غنی کا کہنا تھا کہ عمر شریف نے دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا، ان کی یادیں ہمارے دل میں ہمیشہ رہیں گی۔

سعید غنی کا مزیدکہنا تھا کراچی والے عمر شریف کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئےنماز جنازہ میں شرکت کریں، عمر شریف کے جنازے کی ادائیگی کے تمام انتظامات مکمل کرلئے ہیں۔

عمر شریف کے جسد خاکی کو کراچی ایئرپورٹ سے ایدھی سرد خانہ سہراب گوٹھ منتقل کیا گیا، میت کو قافلے کی صورت میں ایئرپورٹ سے ایدھی سرد خانے لایا گیا۔

اس موقع پر مداحوں کی بڑی تعداد سبز ہلالی پرچم میں لپٹے عمر شریف کے جسد خاکی پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کرتی رہی۔

عمر شریف کی نماز جنازہ عمر شریف پارک کلفٹن میں سہہ پہر 3بجے ادا کی جائے گی، ان کی نماز جنازہ معروف سماجی ادارے سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے سربراہ مولانا بشیر فاروقی پڑھائیں گے، جس کے بعد عمر شریف کو عبداللہ شاہ غازی کے مزار سے متصل قبرستان میں سپردخاک کیا جائے گا۔

پاکستان

karachi

Germany

Turkey

Dead Body

Umer Sharif

Funeral

famous comedian