Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

سپریم کورٹ نے خورشید شاہ کی دونوں بیگمات کو حاضری سے استثنیٰ دے دیا

اسلام آباد:سپریم کورٹ نے پیپلز پارٹی کے رہنماء خورشید شاہ ...
شائع 27 ستمبر 2021 01:46pm

اسلام آباد:سپریم کورٹ نے پیپلز پارٹی کے رہنماء خورشید شاہ کیخلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں ان کی دونوں بیگمات کو حاضری سے استثنیٰ دے دیا،عدالت نے ریفرنس کے تمام ملزمان کی ضمانت مقدمات کو یکجا کرتے ہوئے کیس کو جلد سماعت کیلئے دوبارہ مقرر کرنے کا حکم دے دیا۔

جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے بینچ نے پیپلز پارٹی کے رہنماءخورشیدہ کے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں شریک ملزمان کی ضمانت قبل از گرفتاریوں سے متعلق درخواستوں پر سماعت کی ۔

عدالت نے خورشید شاہ کی دونوں بیگمات کو حاضری سے استثنیٰ دے دیا جبکہ نیب وکیل نے خورشید شاہ کی بیگمات کو استثنیٰ دینے کی مخالفت کی اور کہا کہ گزشتہ سماعت پر عدالت نے استثنیٰ کی درخواست کو مسترد کیا تھا۔

جسٹس عمر عطا ءبندیال نے ریمارکس دیئے کہ سپریم کورٹ نے خورشید شاہ کا کیس ہائیکورٹ کو بھجوایا تھا ،اب ہائیکورٹ سے دوبارہ مسترد ہونے پر خورشید شاہ کا کیس سپریم کورٹ آگیا ہے، کیا شریک ملزمان کی درخواستوں کو مرکزی ملزم کے کیس کے ساتھ سنا جائے۔

ملزمان کے وکیل نے کہا کہ خورشید شاہ کے علاوہ باقی تمام شریک ملزمان ہیں، بہتر ہے کہ تمام درخواستوں کو ایک ساتھ سنا جائے۔

عدالت نے خورشید شاہ ریفرنس کے تمام ملزمان کی ضمانت مقدمات کو یکجا کرتےہوئے کیس کو جلد سماعت کیلئے دوبارہ مقرر کرنے کا حکم دے دیا۔

Supreme Court

اسلام آباد

ppp leader

justice umer ata bandiyal