Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

لندن میں موجود نواز شریف نے پاکستان سے کورونا ویکسین لگوالی...؟

پاکستان میں روزانہ کی بنیاد پر لاکھوں افراد کو ویکسین لگائی جا...
اپ ڈیٹ 23 ستمبر 2021 12:15pm

پاکستان میں روزانہ کی بنیاد پر لاکھوں افراد کو ویکسین لگائی جا رہی ہے لیکن آپ کو یہ جان کر حیرت ہوگی کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کا نام بھی پاکستان سے ویکسی نیشن کرانے والے افراد میں شامل کیا گیا ہے۔

اس حوالے سے جماعت اسلامی کے مرکزی ترجمان قیصر شریف نے اپنے ایک ٹویٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ سابق وزیر اعظم کا شناختی کارڈ نمبر لاہور میں ویکسی نیشن کرانے والے افراد میں درج کیا گیا ہے۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ یہ کیا ماجرا ہے؟

قیصر شریف کا نواز شریف کو ویکسین لگائے جانے کے حوالے سے تبصرہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ’اس سے تبدیلی حکومت کے نظام اور شفافیت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔‘

جماعت اسلامی کے ترجمان کی جانب سے ٹویٹ کیے گئے شناختی کارڈ نمبر کو جب تصدیق کیلئے الیکشن کمیشن کی ووٹ چیک کرنے کیلئے دی گئی سروس 8300 پر ایس ایم ایس کیا گیا تو شناختی کارڈ کا پتہ ایچ بلاک ماڈل ٹاؤن کا آیا۔

واضح رہے کہ جاتی امرا رائیونڈ کے علاوہ ماڈل ٹاؤن لاہور کے ایچ بلاک میں بھی شریف برادران کی رہائش ہے۔

اسی شناختی کارڈ نمبر کو جب کورونا ویکسین کی رجسٹریشن کیلئے قائم کی گئی ہیلپ لائن 1166 پر بھیجا گیا تو پیغام موصول ہوا کہ مذکورہ شناختی کارڈ کے حامل کو سائنو ویک ویکسین کی پہلی ڈوز لگا دی گئی ہے۔

اسی شناختی کارڈ نمبر کی تصدیق کیلئے جب عدالتی کاغذات کا جائزہ لیا گیا تو یہ واضح ہوگیا کہ یہ شناختی کارڈ نمبر سابق وزیر اعظم کا ہی ہے۔ انہوں نے عدالت میں جمع کرائے گئے اپنے بیانِ حلفی میں یہی شناختی کارڈ نمبر درج کیا ہے۔

واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف طویل عرصے سے لندن میں مقیم ہیں لیکن اس کے باوجود ان کو پاکستان میں ویکسین لگ جانا کافی حیران کن بات ہے۔

Nawaz Sharif

covid vaccine

sinovac vaccine