پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر ڈوزیئر پیش کردیا
اسلام آباد:پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر ڈوزیئر پیش کردیا، ڈوزیئر میں 113حوالے دیئے گئے جن میں پاکستانی، بھارتی اور انٹرنیشنل میڈیا کی جائزہ رپورٹس بھی شامل ہیں۔
اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کے دوران وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزی ہو رہی ہے، بھارت کشمیریوں کی آواز دبا رہا ہے ، جب سے ہندوتوا حکومت بھارت میں آئی ہے ان پامالیوں میں اضافہ ہو گیا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے محاصرے کو 769 دن ہو چکے ہیں، بھارت کی 9 لاکھ افواج مقبوضہ وادی پرمسلط ہیں، آزاد مبصرین کو مقبوضہ کشمیر جانے کی اجازت نہیں، آج کی دنیا میں انسانی حقوق کا پرچار ہوتا ہے، انسانی حقوق کو اس انداز میں پامال کرنا نامناسب ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ سید علی گیلانی طویل عرصہ قید و بند میں رہنے کے بعد انتقال کر گئے، سید علی گیلانی کے انتقال پر دنیا نے دیکھا کہ بھارت کی سوچ کیا تھی، سید علی گیلانی کی وفات کے بعد ان کے گھر کے تمام راستے بند کر دیئے گئے،حریت رہنما ءسید علی گیلانی کے گھر کو گھیرے میں لیا گیا، یہ صورتحال دیکھ کر دنیا میں بسنے والے ہر کشمیری کو تکلیف ہوئی ، ہر پاکستانی اس افسوسناک واقعے کے بعد کرب میں مبتلا تھا۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے مزیدکہا کہ پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت پر ڈوزئیر تیار کرلیا ہے، 131 صفحات پر مشتمل اس ڈوزیئر کے 3باب ہیں، پہلے باب میں بھارت کے جنگی جرائم ،دوسرے باب میں فالس فلیگ آپریشنز جبکہ تیسرے باب میں سلامتی کونسل کی قراردادوں اور بھارت کی مقبوضہ کشمیر کی جغرافیائی حیثیت تبدیل کرنے کی کوشششوں کا ذکر ہے۔
وزیرخارجہ نے کہا کہ ڈوزیئر میں 113 حوالے دیئے گئے ہیں، اس میں عالمی اور بھارتی اداروں کے حوالے شامل ہیں،تیار کئے گئے ڈوزئیر میں انسانی حقوق کی 32 تنظیموں کی رپورٹس ہیں، مقبوضہ کشمیر میں معصوم لوگوں کو پھنسایا جاتا ہے، ان کے گھروں میں اسلحہ رکھا جاتا ہے، ڈوزیئر میں فالس فلیگ آپریشنز اور جعلی مقابلوں کے بارے ٹھوس شواہد موجود ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ڈوزیئر میں ان 1128 افراد کی نشاندہی کی گئی ہے جو انسانی حقوق کی پامالیوں میں براہ راست ملوث رہے ہیں، ان میں بھارتی فوج کے میجر جنرل، بریگیڈیئر اور دیگر سینئر افسران شامل ہیں ،اس ڈوزیئر میں ماورائے عدالت قتل، پیلٹ گنز کا استعمال، خواتین کی بے حرمتی اور جلائی گئی املاک کا بھی ذکر ہے۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے مزیدکہاکہ ڈوزیئر میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں پیلٹ گنز کا استعمال، متاثرہ بچوں کی ویڈیوز اور کیمیکل ہتھیاروں کو استعمال کرنے کے ثبوت بھی شامل ہیں۔
Comments are closed on this story.