پاکستان نے بھارتی وزیر دفاع کے بے بنیاد الزامات کو مسترد کر دیا
اسلام آباد:پاکستان نے بھارتی وزیر دفاع کے دہشتگردی سے متعلق بے بنیاد الزامات کو مسترد کر دیا ۔
ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے پاکستان پر دہشتگردی سے متعلق الزامات کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں، پاکستان نے بین الاقوامی برادری کے ساتھ بھارت کی ریاستی سرپرستی میں دہشتگردی اور پاکستان کیخلاف تخریب کاری کے ثبوت شیئر کئے ہیں۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ بھارت دہشتگردی کو ریاستی پالیسی کے ہتھیار کے طور پر استعمال کرتا ہے، رواں سال کے دوران بھارت جوہر ٹاؤن لاہور اور داسو میں چینی اور پاکستانی کارکنوں کیخلاف دہشتگرد حملوں میں ملوث رہا ہے، بھارت کی بی جے پی حکومت اور آر ایس ایس کا ایک واضح مسلم مخالف اور اقلیت مخالف ایجنڈا ہے، بھارتی حکومت نظریاتی وجوہات اور سیاسی فوائد دونوں کیلئے پاکستان کو جھوٹی پروپیگنڈا مہمات کیلئے نشانہ بناتی ہے۔
ترجمان دفترخارجہ کا مزید کہنا تھاکہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے اور پاکستان غیر ذمہ دارانہ بھارتی رویے کے باوجود خطے میں امن چاہتا ہے، امن کی خواہش کے باوجود پاکستان بھارت کے کسی بھی جارحانہ منصوبے کا بھر پور جواب دے گا۔
Comments are closed on this story.