افغان طالبان کے ہاتھوں مبینہ طور پر لوک گلوکار قتل
افغان طالبان نے مبینہ طور پر ایک اور فنکار کو قتل کردیا ہے، اس بار ان کا نشانہ ایک لوک گلوکار بنے۔
ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق اتوار کے روز فواد اندرابی نامی گلوکار کے اہل خانہ نے بتایا کہ طالبان نے فواد اندرابی کو جمعہ کے روز وادی اندرابی میں گولی مار کر ہلاک کیا تھا۔
یہ علاقہ کابل کے شمال میں تقریباً 100 کلومیٹر (60 میل) کے فاصلے پر صوبہ بغلان میں ہے جس پر طالبان نے 15 اگست کو دوبارہ قبضہ کر لیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق گلوکار کے بیٹے جواد نے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ طالبان اس سے قبل ان کے گھر آئے تھے اور ان کی تلاشی لی تھی، یہاں تک کہ موسیقار کے ساتھ چائے بھی پی رہے تھے۔ لیکن جمعہ کو سب کچھ بدل گیا اور طالبان میرے والد کو قتل کر کے چلے گئے۔
دوسری جانب مقامی طالبان کے ایک کونسل نے ان کے والد کے قاتل کو سزا دینے کا وعدہ کیا ہے۔ طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اے پی کو بتایا کہ وہ اس واقعے کی تحقیقات کریں گے تاہم ان کے پاس قتل سے متعلق مزید معلومات نہیں تھیں۔
رپورٹ کے مطابق فواد اندرابی غیچک اور ستار بجاتے اور اپنی جائے پیدائش اور افغانستان کے بارے میں لوک گیت گاتے تھے۔
اقوام متحدہ کی ثقافتی حقوق کی خصوصی نمائندہ کریمہ بینونے نے اپنے ٹوئٹر اکاونٹ پر لکھا کہ انہیں اندرابی کے قتل پر شدید تشویش ہیں، ہم حکومتوں پر زور دیتے ہیں کہ وہ طالبان سے مطالبہ کریں کہ فنکاروں کے انسانی حقوق کا احترام کریں۔
اس سے قبل طالبان نے مبینہ طور پر افغانستان کے مقامی معروف کامیڈین کو تشدد کے بعد قتل کردیا تھا، تاہم طالبان کی طرف سے واقعے کی تردید کردی گئی تھی۔
مشہور افغان کامیڈین نذر محمد المعروف "خاشا زوان" کو مبینہ طور پر طالبان نے اغوا کے بعد بدترین تشدد کا نشانہ بناکر قتل کر دیا گیا تھا۔
قندھار کے کامیڈین خاشازوان کی تشدد زدہ لاش ملنے کے بعد اُن کے اہلِ خانہ نے قتل کا ذمہ دار طالبان کو ٹھہرایا۔ مزاحیہ اداکار نذر محمد کو مبینہ طور پر جمعرات کے روز سادہ لباس میں ملبوس مسلح افراد نے اغوا کیا اور منگل کو ان کی لاش ملی۔
27 جولائی کو ٹویٹر پر ایران انٹرنیشنل کے سینئر نمائندے تاج الدین سولوش کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ ایک کار میں تین افراد اور ایک دہشت گرد نے خاشازوان کو متعدد بار نشانہ بنایا۔
سولوش کے ذریعہ شیئر کی گئی ویڈیو کے کیپشن میں کہا گیا ہے، 'اس ویڈیو میں وہ لمحہ دکھایا گیا ہے جب قندھاری کامیڈین خاشا کو طالبان نے گرفتار کیا، گاڑی میں اس کو تھپڑ مارے اور پھرقتل کر ڈالا۔'
واضح رہے کہ جنگ زدہ صوبے قندھار میں طالبان نے اکثر علاقوں میں جھڑپوں کے بعد کنٹرول حاصل کیا اور مسلسل سیویلنز اور سرکاری حکام کو نشانہ بنایا جارہا تھا۔ اطلاعات کے مطابق کامیڈین خاشازوان اس سے قبل افغان پولیس فورس میں بھی اپنے فرائض انجام دے چکے ہیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مسلح افراد نے اداکار کے ہاتھ پشت پر باندھ کر گاڑی میں بٹھایا ہوا ہے اور منہ پر تھپڑ مار رہے ہیں۔ تھپڑ مارنے والا شخص اداکار کو مغلظات بھی کہہ رہا ہے۔
ٹویٹر پر صارفین نے قتل کی مذمت کرتے ہوئے لکھا کہ جنگ زدہ قوم کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیرنے والے کامیڈین کو بے دردی سے قتل کردیا گیا جس نے مرنے سے کچھ دیر پہلے اپنے قاتلوں کو بھی ہنسانے کی کوشش کی تھی۔
Comments are closed on this story.