Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلا دھار بارش، پانی گھروں میں داخل

اسلام آباد اورراولپنڈی میں وقفے وقفے سے ہونے والی موسلا دھار...
اپ ڈیٹ 29 اگست 2021 02:40pm

اسلام آباد اور راولپنڈی میں وقفے وقفے سے ہونے والی موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے ڈوب گئے جبکہ پانی گھروں میں داخل ہو گیا۔

راولپنڈی اور اسلام آباد میں وقفے وقفے سے موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ایمرجنسی کے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔

جڑواں شہروں میں ہونے والی بارش کا پانی ٹیپو روڈ، مسلم کالونی، صادق آباد، لیاقت باغ اور کمیٹی چوک سے ملحقہ علاقوں میں جمع ہوگیا جبکہ کئی علاقوں میں بارش کا پانی گھروں میں بھی داخل ہو گیا ۔

ایم ڈی واسا راجا شوکت کے مطابق اسلام آباد میں بارش کم ہونے سے نالہ لئی کی سطح 10 فٹ سے زیادہ بلند نہیں ہوئی، اسلام آباد کے مقابلے میں راولپنڈی بارش زیادہ ہوئی.

محکمہ موسمیات کے مطابق 111 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، شدید بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے، تاہم واسا کی ٹیمیں نشیبی مقامات سے پانی نکال رہی ہیں۔

شدید بارش کے باعث جی ٹی روڈ تالاب کا منظر پیش کرنے لگا، روات کے مقام پر گاڑیاں پانی میں پھنسی ہیں اور ٹریفک کا نظام درھم برھم ہوگیا جبکہ راولپنڈی اسلام آباد آنے والے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔

کینٹ کے سیوریج نالوں سے طغیانی نشیبی رہائشی آبادیوں کو اپنی لپیٹ میں لیا رکھا ہے اور کرسچن کالونی مکمل طور پر ڈوب گئی ہے۔

پنجاب :شدید بارشوں کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری

لاہور: پنجاب حکومت نے شدید بارشوں کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری کردیا۔

صوبہ پنجاب کے شہر راولپنڈی میں موسلادھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، اسی کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ کیا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ انتظامیہ، پی ڈی ایم اے اور ریسکیو 1122انتظامات مکمل رکھیں، امدادی سرگرمیوں کیلئے ہمہ وقت تیار رہا جائے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارنے نشیبی علاقوں سے فوری نکاسی آب کا بھی حکم دے دیا۔

عثمان بزدار نے زور دیا کہ ضروری مشینری کے ذریعے نکاسی آب کم سے کم وقت میں کی جائے، نکاسی آب کے کاموں میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

صوبائی وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ افسران دفاتر میں بیٹھنے کے بجائے خود فیلڈ میں نکلیں، پانی نکالنے کیلئے وضع کردہ پلان پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔

Usman Buzdar

cm punjab

اسلام آباد

Heavy rain