'عالمی برادری افغانستان میں موجودہ بحران کے حل کےلئے کردار ادا کرے'
وفاقی وزیراطلاعات ونشریات چوہدری فواد حسین نے عالمی برادری پرزوردیا ہے کہ وہ آگے آئے اور افغانستان میں موجودہ بحران کے حل کےلئے اپنا کردارادا کرے۔
کراچی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کہنا تھا کہ اس بحران پرافغانستان میں صرف ایک جامع حکومت کے قیام سے قابوپایا جاسکتا ہے۔
وزیراطلاعات نے خبردار کیا کہ اگر عالمی برادری اس جنگ زدہ ملک کی موجودہ صورتحال سے لاتعلق رہی تو اس صورت میں عالمی بحران کے امکانات کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔
انہوں نے کہاکہ افغانستان کے حوالے سے ماضی میں پاکستان کی طرف سے ظاہر کئے گئے تحفظات درست ثابت ہوئے ہیں۔ وسیع پیمانے پر انخلاء سے افغانستان میں ایک بڑا انتظامی خلا پیدا ہوگیا ہے اور یہ صورتحال مشکل کی اس گھڑی میں عالمی برادری کی جانب سے افغانستان کے عوام کی مدد کےلئے تعاون کی متقاضی ہے۔
دوسری جانب ایک بین الاقوامی نیوز چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ افغان طالبان کے تمام بیانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ افغانستان میں ایک جامع حکومت بنانے کےلئے تیار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس وقت افغانستان میں صورتحال انتہائی خطرناک ہے اور کابل میں حکام سےبات چیت کی اشد ضرورت ہے.اگر افغانستان میں حکومتی خلاء ہوگا تو یہ دنیا میں تمام دہشتگرد تنظیموں کا گڑھ بن جائے گا۔
انہوں نے کہا افغانستان ایک پیچیدہ اور نسلی طور پر منقسم ملک ہے اورخشکی میں گھیرے ہوئے ملک پر طاقت کے زور پر حکمرانی قابل عمل نہیں۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان سے کوئی چار ہزار افراد کو نکالنے میں مدد فراہم کی ہے۔
Comments are closed on this story.